نیب کا نواز ،مریم کو ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے براہ راست اڈیالہ جیل منتقل کا فیصلہ

ریلی کے باعث گرفتاری میں رکاوٹیں ڈالیں جائیں گی ،امن و عامہ کی صورتحال پیدا ہونے کے بھی خدشات ہیں ، چیئرمین نیب کو خط

پیر 9 جولائی 2018 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء) ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن ) کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے براہ راست اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے چیئرمین نیب کو خط لکھ دیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق ڈی جی نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کی آمد پر لاہور میں ریلی نکالی جائے گی اورریلی کے باعث نواز شریف اورمریم نواز کی گرفتاری میں رکاوٹیں ڈالیں جائیں گی جس سے امن و عامہ کی صورتحال پیدا ہونے کے بھی خدشات ہیں ۔

ڈی جی نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو ائیر پورٹ سے ہی گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہمی کی درخواست کی ہے ۔ مزید کہا گیاہے کہ یہ خط چیئرمین نیب کو موصول ہو گیا ہے اوراس سلسلہ میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے بذریعہ خط و کتاب ہیلی کاپٹر مانگا جائے گا۔