ایتھوپیا اور اریٹیریا کا دو عشروں پر محیط مخاصمت ختم کر کے دو طرفہ تعلقات بحال کرنے، ایک دوسرے کے ہاں بند سفارتخانے کھولنے کا اعلان

پیر 9 جولائی 2018 22:23

ادیس ابابا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 9 جولائی 2018ء) افریقی ممالک ایتھوپیا اور اریٹیریا نے 2 عشروں پر محیط مخاصمت ترک کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات بحال کرنے اور ایک دوسرے کے ہاں بند سفارتخانے کھولنے کا اعلان کر دیا ۔اتیھوپیا کے سرکاری ٹی وی پر نشرایک بیان میں وزیراعظم احمد نے کہا کہ ’بات چیت کے بعد ہم نے ایک دوسرے کے ہاں سفارتخانے کھولنے کا اعلان کیا ہے‘۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات اور مذاکرات کی تصاویر بھی نشر کی گئیں جن میں انہیں ایک دوسرے سے گلے ملتے دکھایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ابی احمد نے کہا کہ ان کے ملک کی بحری گذرگاہیں نہیں ہیں، اس لئے وہ اریٹیریا کی بندرگاہ کواستعمال کریں گے۔قبل ازیں دونوں ممالک کے سرکاری ٹی وی چینلوں پر یہ خبر نشرکی گئی تھی کہ دونوں ممالک کے سر براہان 2 عشرے کے بعد اریٹیریا کے دارالحکومت اسمرہ میں ملاقات کررہے ہیں۔

یہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان20 سال پر پھیلی جنگ کو ختم کرنے کی طرف اہم پیشرفت قراردی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق اریٹیریا کے صدر اسیاس افورقی نے ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کا اسمرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرم جوشی سے استقبال کیا جس کے بعد دونوں رہنما مذاکرات کیلئے صدارتی محل چلے گئے۔

متعلقہ عنوان :