عدالت کے کہنے پرلوگ ڈیم فنڈ کیلئے پیسے دینے پرتیارہیں، کسی کو ایک روپے کی خرد برد نہیں کرنے دیں گے، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریمارکس

منگل 10 جولائی 2018 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 10 جولائی 2018ء)سپریم کورٹ نے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق فنڈز کے قیام کے حوالے سے کیس میں واضح کیا ہے کہ عدالت کے کہنے پرلوگ ڈیم فنڈ کیلئے پیسے دینے پرتیارہیں، یہ فنڈز سپریم کورٹ نے قائم کیا ہے اور وہی فنڈز کی ضامن ہو گی، کسی کو ایک روپے کی خرد برد نہیں کرنے دیں گے۔

منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں چار رکنی خصوصی بنچ نے ڈیم سے متعلق فنڈز کے قیام کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اٹارنی جنرل خالد جاوید نے پیش ہوکرکہا کہ ہم نے ڈیم فنڈ کے سلسلے میں موثر اقدامات کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے فنڈز قائم کرنے کا غلط تاثر پیدا ہوا ہے، مجھے کل تک مہلت دی جائے تو میں عدالت کو مزید تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔ چیف جسٹس نے ان سے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز سپریم کورٹ نے قائم کیا اور یہی عدالت ہی فنڈ کی ضامن ہوگی، سپریم کورٹ کے کہنے پر لوگ فنڈز دے رہے ہیں جس میں سے ایک روپیہ بھی خرد برد نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بعدازاں مزید سماعت بدھ کی صبح تک ملتوی کر دی گئی۔