مسلم لیگ (ن) کا کے پی کے میں قومی اسمبلی کے تین حلقو ں پر مولانا فضل الرحمان کی حمایت کااعلاندع

این اے 37 پر مولانا اسعد محمود ، این اے 38 ،39 پر مولانا فضل الرحمن کی مکمل حمایت کی جائیگی ، عمران خان جس ایجنڈے پرکام کررہے ہیں وہ قیام پاکستان کی بنیادی اساس نظریہ پاکستان سے متصادم ہے ،راجہ اختر علی

بدھ 11 جولائی 2018 19:59

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 جولائی 2018ء) مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا نے متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کی حمایت کااعلان کردیا ، این اے 37 پر مولانا اسعد محمود ، این اے 38 ،39 پر مولانا فضل الرحمن کی مکمل حمایت کی جائیگی۔ڈیر ہ اسماعیل خان کے چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے نائب صدر راجہ اختر علی نے کہا کہ مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف اور صوبائی صدر امیر مقام خان کی ہدایت پر مسلم لیگ این اے 37 پر مولانا فضل الرحمان کے فرزند مولانا اسعد محمود ، این اے 38 اور این اے 39 پر مولانا فضل الرحمن کی مکمل حمایت کااعلان کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسی شخصیت ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں ایسی شخصیات کا ایوان میں موجود ہونا پاکستان کے نظریاتی اور جغرافیائی تحفظ کے لیئے بہت ضروری ہے ، عمران خان جس ایجنڈے پرکام کررہے ہیں وہ قیام پاکستان کی بنیادی اساس نظریہ پاکستان سے متصادم ہے اور ایسے ایجنڈے سے پاکستان کی جغرافیائی تباہی منسلک ہے لہذا ایسے عناصر کی راہ میں مسلم لیگ کا ہرورکر اپنے قائد میاں نواز شریف اور ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے مقامی رہنما جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈوکیٹ،رضوان خان گنڈہ پور، شیخ عارف اور دیگر بھی موجود تھے۔