ملک کے عوام پر خرچ ہونے والا پیسہ بیرون ملک منتقل کر دیا گیا، عمران خان

30سال سے باریاں لینے والی 2جماعتوں کے سربراہ امیر اور عوام غریب ہو گئے ۔ قرضے سے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا گیا۔ ووٹ کو عزت دو چور کو عزت نہ دو،چیئرمین تحریک انصاف کا رحیم یار خان میں جلسہ سے خطاب

بدھ 11 جولائی 2018 23:34

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے عوام پر خرچ ہونے والا پیسہ بیرون ملک منتقل کر دیا گیا۔30سال سے باریاں لینے والی 2جماعتوں کے سربراہ امیر اور عوام غریب ہو گئے ۔ قرضے سے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا گیا۔ ووٹ کو عزت دو چور کو عزت نہ دو۔

رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بہترین استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 30سال سی2جماعتیں باریاں لے رہی ہیں۔ آصف علی زرداری اور نواز شریف نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔ دوبڑی جامعتوں کی کرپشن کے باعث دونوں جماعتوں کے سربراہان امیر ہو گئے ہیںاور ملک کے عوام غریب ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نی70ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔

آصف علی زرداری منی لانڈرنگ میں جا رہا ہے اگر70ارب جنوبی پنجاب میں لگا دیا جاتا تو یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جاتی۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص چوری کر کے معصوم رہا ہے کہتا ہے میرا تالیوں سے استقبال کرو ۔ چور کا استقبال تالیوں سے نہیں انڈوں سے ہوتا ہے۔ ووٹ کو ضرور عزت دو مگر چور کو عزت نہ دو۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز ایسے آ رہے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے آئے ہوں۔

انہیں ملک کا پیسہ چوری کرنے اور کرپشن پر سزا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے پنجاب میں10سال حکومت کی انہوں نے عوام کے لئے کیا کیا10سال میں کوئی عالمی معیار کی یونیورسٹی نہیں بنا سکے کوئی بہترین ہسپتال نہیں بنا سکے۔ جہاں پر کلثوم نواز اور اسحاق ڈار کا علاج ہو۔شہباز شریف کچھ مہینوں میں علاج کرانے بیرون ملک چلا جاتا ہے کوئی ایسا ہسپتال بنایا جہاں شہباز شریف کا علاج ہو سکے ۔

اسحاق ڈار بیماری کے بہانے لندن میں ہے۔ اسحاق ڈار ڈرامے کر رہا ہے اگر اسے ڈراما ہی کرنا تھا تو میو ہسپتال لاہور میں لیٹ جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے آدھی آبادی تعلیم سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اشتہاروں میں دکھاتے ہیں سڑکیں بنائی ہیں اگر سڑکیں بنانے سے وزیراعظم بنتا ہے تو پھر ملک ریاض کو بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سزا ہونے پر حمزہ شہباز اور شہباز شریف خوش ہیں اور دل میں میرا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ مگر شہباز شریف سن لو اب میں تمہارے پیچھے آ رہا ہوں۔ شہباز شریف جیل میں نواز شریف کو کمپنی دے گا انہوں نے کہا کہ ہارون بلور اچھے انسان تھے ان کی شہادت کا سن کر افسوس ہوا۔ ان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہارون بلور کے سوگ میں پشاور کا جلسہ ملتوی کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو دونوں بڑی جماعتوں کو شکست دیں گے۔ سندھ میں جی ڈی اے سے مل کر پیپلز پارٹی کو شکست دیں گے۔ پنجاب میں (ن) لیگ کو بھی ہرائیں گے 25جولائی کو عوام بلے کے نشان پر مہر لگا کر نظریے کو کامیاب بنائیں۔