گمنامی اکائونٹس کی تفتیش میں اہم پیشرفت،حسین لوائی مزید تفتیش کیلئے اسلام آباد منتقل

وفاقی دارالحکومت میں تین ہونہار تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم حسین لوائی سے مزید تفتیش کرے گی حسین لوائی نے اہم سوالوں کے جواب اور اہم رازوں سے پردہ اٹھانے کیلئے وقت مانگ لیا

بدھ 11 جولائی 2018 23:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 جولائی 2018ء)اسٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین اور معروف بینکر کیخلاف گمنامی اکائونٹس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ، چند سوالوں کے مزید جواب دینے کیلئے حسین لوائی کو مزید تفتیش کیلئے کراچی سے اسلام آ باد منتقل کردیا گیا،وفاقی دارالحکومت میں تین ہونہار تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم ان سے مزید تفتیش کرے گی جبکہ اہم سوالوں کے جواب کے لئے حسین لوائی نے وقت مانگ لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کو حسین لوائی نے اہم رازوں کا انکشاف کرنے کے ساتھ مزید تفصیلات دینے کیلئے چند دن کا وقت مانگ لیا ہے جس کے باعث ایف آئی اے نے معروف تین اہم تفتیش کاروں پر مشتمل ٹیم بناتے ہوئے حسین لوائی کوریمانڈ مکمل ہو نے کے بعد کراچی سے اسلام آباد منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتاری کے بعد سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین حسین لوائی کو ان کے عہدے سے برطرف بھی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے گرفتار ساتھی اور معروف بینکر حسین لوائی کو چند روز قبل ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں ان کے ساتھی محمد طحہ سمیت حراست میں لیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے حسین لوائی اور ان کے ساتھی محمد طحہ کا 11 جولائی تک کیلئے جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔