چوہدری نثار کے جلسے میں نوٹوں کی بارش

جلسہ بارات کا منظر پیش کرنے لگا،کارکنان جلسہ چھوڑ کر نوٹ لوٹنے میں لگے رہے

بدھ 11 جولائی 2018 22:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 جولائی 2018ء):چوہدری نثار کے جلسے میں نوٹوں کی بارش کردی گئی۔ جلسہ بارات کا منظر پیش کرنے لگا،کارکنان جلسہ چھوڑ کر نوٹ لوٹنے میں لگے رہے۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کو مسلم لیگ ن میں ایک ستون کی حیثیت حاصل ہے۔انکی مسلم لیگ ن کے ساتھ 35سالہ رفاقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

انہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں جس طرح پارٹی کے ساتھ وفاداری قائم رکھی اسکی پاکستانی سیاست میں مثال کم ہی ملتی ہے۔انہوں نے پارٹی کے سیاسی نشیب و فراز میں پارٹی اور پارٹی قیات کا مکمل ساتھ دیا لیکن ہر حال میں ساتھ چلنے والے چوہدری نثار اب مسلم لیگ ن سے ناراض ناراض نظر آتے ہیں ۔پانامہ کیسسز اور اس کے بعد کی صورتحال میں پارٹی قیادت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ،سابق وزیر داخلہ کسی صورت بھی ان سے متفق ہونے پر راضی نہیں۔

(جاری ہے)

اس لیے بارہا ایسا موڑ بھی آیا کہ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ شائد سابق وزیر داخلہ پارٹی کو خیرباد کہہ دیں۔تاہم مسلم لیگ ن کے ساتھ چوہدری نثار کے تعلقات اتار چڑھاو کے ساتھ موجود ہیں۔اس دوران کبھی لیگی قیادت چوہدری نثار پر چڑھائی کردیتی ہے تو کبھی چوہدری نثار مسلم لیگ ن کی قیادت بالخصوص نواز شریف پر۔اسی باعث آئندہ الیکشن میں چوہدری نثار کا ٹکٹ بھی کھٹائی میں پڑی ہوئی تھی۔

کبھی چوہدری نثار کہتے ہیں کہ انہیں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کی ضرورت نہیں تو کبھی لیگی قیادت چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے لیے درخواست کی ڈیمانڈ کرتی رہی۔تاہم سابق وزیر داخلہ نے این اے 59 چکری اور این اے 63 ٹیکسلا سے آزاد حیثیت سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار چکری 59سے تو با آسانی جیت جائیں گے تاہم انہیں این اے 63 سے تحریک انصاف سے سخت مقابلہ کرنا ہوگا۔

ووٹرز کو لبھانے کے لیے چوہدری نثار کی جانب سے جلسے کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں ووٹرز کو لبھانے جلسے کے منتظمین نت نئے طریقے ایجاد کررہے ہیں۔حال ہی میں انکے جلسے میں ووٹرز کو ترغیب دلانے کے لیے جلسے کے منتظمین نے نوٹوں کی بارش کردی۔
ایسا ہوتے دیکھ کر جلسے کے شرکا اپنی کرسیوں سے اٹھ گئے اور جلسہ چھوڑ کر نوٹ لوٹنے میں لگ گئے۔ایسی حالت بنی کہ جلسہ جلسہ نہیں بارات کا منظر پیش کرنے لگا جہاں شرکا پیسے لوٹنے کے لیے ایک دوسرے پر جھپٹ پڑے۔