نواز شریف اور مریم نواز ووٹ کی عزت کیلئے وطن لوٹے ہیں ،خواجہ محمد آصف

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:16

سیالکوٹ۔14جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 14 جولائی 2018ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماو امیدوار این اے 73 خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اس کی نظیر نہیں ملتی کہ کسی کو سزا سنائی جائے اور وہ سزا بھگتنے کیلئے از خود وطن وآپس لوٹے اور گرفتاری دے ،میرے ذہن میں ایک ہی سوال ابھرتا ہے کہ یہ باپ بیٹی واپس کیوں آئے جس کا مجھے ایک ہی جواب ملاوہ آپ کے ووٹ کی عزت،احترام ، توقیر اور عظمت کیلئے وطن لوٹے ہیں 70سال ہوگے کب تک ووٹ کو عزت نہیں ملے گی ۔

ووٹ کیا ہے وہ آپ کی رائے ہے اور آپ کا پیدائشی حق ہے اور اس کا تمام مذاہب، قانون اور آئین تسلیم کرتے ہیں کہ آپ کسی انسان کو ذہنی یا جسمانی طور پر غلام نہیں بنا سکتے ۔

(جاری ہے)

یہ آپ کی رائے ہے جس کو چاہے ووٹ دیں ۔ اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد عوام ہی اقتدار دینے اور لینے والے ہیں ۔ شیر پاکستان آچکا ہے جس کو آپ قید کرسکتے ہیں لیکن زیادہ دیر تک قید نہیں رکھ سکتے شیر باہر آئے گا اس کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سدا بادشاہی اللہ کی ہے بندے سب محتاج ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جو کچھ کیا جارہا ہے وہ اس کا امتحان ہے جس پر وہ پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ میںنے نوازشریف کو 30سال اپنی غلطیوں سے سیکھتے دیکھا ہے میں عینی شاہد ہوں نواز شریف نے اقتدار کاایک ایک لمحہ عوام کے مفاد میں استعمال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پکا گڑھا میں انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، امیدوار پی پی 37محمد منشاء اللہ بٹ ، غلام عباس نمبردار نے بھی خطاب کیا۔