محکمہ موسمیات کی خطرناک پیشن گوئی

پشاور اور نوشہرہ میں تیز بارشیں، مختلف حادثات میں 3 خواتین اور ایک بچے سمیت 12 افراد زخمی نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ،نالیاں ابل پڑیں،چوبیس گھنٹوں میں لاہور میں 29، سیالکوٹ میں 12 اور سرگودھا میں 08ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات ڈویژن اور کشمیرمیں مزید بارشوں کا امکان

اتوار 15 جولائی 2018 14:10

اسلام آباد/ لاہور/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیزبارش کا سلسلہ جاری ، پشاور میں مختلف حادثات میں 12 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ،نشیبی علاقے زیرآب آگئے جب کہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ،نالیاں ابل پڑیں،چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 29، سیالکوٹ میں 12 اور سرگودھا میں 08ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات ڈویژن اور کشمیرمیں مزید بارشوں کا امکان ۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق پشاور وگردونواح میں موسلا دھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جب کہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اورنالیاں ابل پڑیں۔

(جاری ہے)

پشاور کے علاقے مسلم ٹا ئو ن اورموسی زئی میں بارش کی وجہ سے چھتوں کے گرنے کے واقعات سمیت مختلف حادثات میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیاگیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جنہیں فوری طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ ایک خاتون کی حالت نازک ہے۔

نوشہرہ میں پیرپائی کے مقام پر بارش کی وجہ سے فلائنگ کوچ حادثے کا شکارہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، مری اورگردونواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد میں جہاں علی الصبح موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا وہیں مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے عوام کا جینا دوبھر کردیا۔

لاہورمیں بھی گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں 29، سیالکوٹ میں 12 اور سرگودھا میں 08ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات ڈویژن اور کشمیرمیں مزید بارشوں کا امکان ہے۔