کراچی:پارک میں جھولا گرگیا،ایک بچی جاں بحق،14افراد زخمی

اتوار 15 جولائی 2018 23:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 جولائی 2018ء): کراچی میں عسکری پارک میں جھولا گر گیا، جس کے نتیجہ میں ایک بچی جاں بحق اور14 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں سبزی منڈی کے قریب عسکری تفریحی پارک میں جھولا گر گیا۔ حادثے کے باعث ایک بچی جاں بحق اور14 افراد زخمی ہوگئے۔ ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچی کی شناخت12 سالہ کشف کے نام سے ہوئی۔

حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حادثے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی۔ پولیس اور رینجرز نے پارک کوخالی کروا لیا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے جھولا گرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی سندھ سے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھولا گرنے کے واقعے کی 3روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے ہدایت کی زخمیوں کواسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے متاثرہ خاندان کی مدد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔