افغان صدر اشرف غنی کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلیفون

پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار انتخابی عمل کے دوران پاک فوج کے سربراہ کو سرحد پر اضافی سیکیورٹی اقدامات کی یقین دہانی

پیر 16 جولائی 2018 18:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 جولائی 2018ء)افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی عمل کے دوران پاک فوج کے سربراہ کو سرحد پر اضافی سیکیورٹی اقدامات کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے پیر کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلیفون کیا اور پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

افغان صدر نے پاک فوج کے سربراہ کو پاکستان میں انتخابی عمل کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی معاونت کی غرض سے سرحد کی افغان سائیڈ پر سیکیورٹی کے اضافی اقدامات کا بھی یقین دلایا ۔ آرمی چیف نے افغان صدر سے تشکر کا اظہا رکیا ۔