نوازشریف کو سابق وزیراعظم کے استحقاق کے مطابق سہولتیں دی جائیں‘ شہباز شریف کا نگران حکومت کو خط

نوازشریف کو دل کا عارضہ ہے ،ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معائنے کی اجازت دی جائے‘صدر مسلم لیگ (ن)

پیر 16 جولائی 2018 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 16 جولائی 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے اپنے بھائی اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کو جیل میں سہولیات دینے کیلئے نگران حکومت کو خط لکھ دیا۔ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں انہوں نے اپنے وکلاء سے جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی پر شکوہ کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے نام خط لکھے ہیں جس میں نوازشریف کو سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف 3مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ نواز شریف کو سابق وزیراعظم کے استحقاق کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نوازشریف کو دل کا عارضہ ہے اس لیے ان کے ذاتی معالج کو تواتر کے ساتھ طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کا خط نگران وزیراعظم اور نگران وزیراعلی پنجاب کو پہنچا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے اپنی ایک ٹوئٹ میں اڈیالہ جیل میں والد کے لئے مختص بیرک اور اس موجود غسل خانے کی صفائی ستھرائی پر اعتراض کیا تھا۔