نوازشریف پر مشکلات ان کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے ،چوہدری نثارعلی خان

سابق وزیراعظم کو اداروں سے ٹکرائو سے منع کیا تھا،دعا ہے اللہ انکی مشکلات میں کمی لائے پاکستان کی معاشی واقتصادی صورتحال گھمبیرہوچکی ،ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں مگرہرکوئی وزیراعظم بننے کا خواہاں ہے مگراس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے ، خطاب

منگل 17 جولائی 2018 21:15

فتح جنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 جولائی 2018ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے، عوام فیصلہ کرکے اگلے پانچ سال باگ ڈور کی جماعت کے ہاتھ میں ہوگی، 1985ء سے انتخابات لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں، پاکستان کی معاشی اور اقتصادی صورتحال گھمبیر ہو چکی ہے، مہنگائی سے عوام پریشان ہے، کسی کو ملک اور عوام کی فکر نہیں ہے، نواز شریف کو کہا کہ اداروں سے مت لڑیں اللہ کرے نواز شریف کی مشکلات میں کمی آئے، گزشتہ روز فتح جنگ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے، پاکستان کا ایک نہایت اہم الیکشن ایک ہفتے بعد ہونے والا ہے، اگلے پانچ سال باگ ڈور کس جماعت کے ہاتھ میں ہوگئی یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام اپنے ووٹ کو سوچ سمجھ کر ڈالیں، انہوں نے کہا کہ یقین ہے میرے حلقے کے لوگ جیپ پر سوار ہونگے اور دوسرے لوگوں کو بھی اس میں سوار ہونے کی دعوت دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ 1985ء سے انتخابات لڑ رہا ہوں، اللہ کے فضل اور حلقے کے عوام کی تعاون اور مدد سے متواتر جیت بھی رہا ہوں، انشاء اللہ اس دفعہ بھی جیت ہماری ہی ہوگی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا نازک موڑ نہیں آیا، پاکستان کی معاشی اقتصادی صورتحال نازک صورتحال پر کھڑی ہے، ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں، موجودہ دور مین 1971ء سے بڑے خطرات دیکھ رہا ہوں ہر کوئی اس وقت وزیراعظم بننا چاہتا ہے، گھمبیر صورتحال کا قومی و حدت و اتحاد سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے، آج دیکھ لیں ڈالر کہاں تک پہنچ گیا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے عام آدمی کو فرق پڑتا ہے، کوئی یہ نہیں بتا رہا کہ اس ملک میں مہنگائی کیسے کم ہو گئی، سارے سیاسی لیڈرز ایک دوسرے کے ساتھ دست گریبان ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف مشکلات ان کی اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے آئیں نواز شریف کو اتنا کہا تھا کہ اداروں سے مت لڑیں اللہ کرے نواز شریف کی مشکلات میں کمی آئے، نواز شریف کے کان بھرے گئے کہ میں انہیں غلط مشورے دیتا ہوں اس بات کی بناء پر مجھے کہا گیا کہ ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرائیں، میں نے کبھی پارٹی ٹکٹ کیلئے خود درخواست نہیں دی اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔