(ن) لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے 2رخ ہیں، بلاول بھٹو

ایک جنرل ضیاء اور دوسرا مشرف کی پیداوار ہے۔ عوام نے جیسے بھٹو اور بے نظیر کا ساتھ دیا ایسے میرا بھی ساتھ دیں۔ تبدیلی کے لئے عوام کی مدد چاہیے ، گوجر خان اور روات میں جلسوں سے خطاب

منگل 17 جولائی 2018 22:24

گوجر خان، روات (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 17 جولائی 2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے 2رخ ہیں ایک جنرل ضیاء اور دوسرا مشرف کی پیداوار ہے۔ عوام نے جیسے بھٹو اور بے نظیر کا ساتھ دیا ایسے میرا بھی ساتھ دیں۔ تبدیلی کے لئے عوام کی مدد چاہیئے۔

راولپنڈی کے علاقے گوجر خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے 2رخ ہیں ایک آمر جنرل ضیاء الحق کی پیداوار ہے تو دوسرا آمر جنرل پرویز مشرف کی پیداوار ہے۔ تبدیلی کے لئے مجھے عوام کا ساتھ چاہیئے عوام نے جیسے بھٹو اور محترمہ بے نظیر کا ساتھ دیا ایسے میرا بھی ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج نئے دور کی آئی جے آئی بنائی جا رہی ہے ۔

میں گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتا۔ میں عوامی مسائل کی سیاست کرتا ہوں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے مسائل حل کئے ہیں ہمارا مشہور نعرہ تھا بے نظیر آئے گی روزگار لائے گی۔ اگر موقع ملا تو نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت سے نہیں ۔ ہمارا مقابلہ ظلم ، نا انصافی، غربت ، جہالت ، عوام کی محرومیوں اور پسماندگی سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں عوامی منشور لے کر کراچی سے نکلا ہوں اور ملک بھر کے دورے کرر ہا ہوں ۔ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 8لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالات ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہر گھرانے کے ایک فرد کو نوکری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے۔ ہم فوڈ کارڈ جاری کریں گے اور ملک کی ہر یونین کونسل میں فوڈ سٹور کھولیں گے یہ سٹور خواتین چلائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کی فصلوں کی انشورنس کرائیں گے اور کسان کارڈ دیں گے۔ اس کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سبسڈی ملے گی۔ ہم پہلا گھر پروگرام کے تحت گھر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کا عوامی منشور لے کر پہلی بار نکلا ہوں۔ میں شہید بے نظیر بھٹو کا پاکستان بچانے کا مشن لے کر نکلا ہوں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کئے ۔ عوام 25جولائی کو تیر پر مہر لگا کر بلاول بھٹو کو کامیاب کریں ۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرے گی۔