فاروق ستار کو نااہل قرار دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کو 30 جولائی تک جواب دینے کا حکم

جمعرات 19 جولائی 2018 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 جولائی 2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار کو نااہل قرار دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کو 30 جولائی تک جواب دینے کا حکم دیدیا۔ دو رکنی بینچ کے روبرو رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار قومی اسمبلی کی حلقوں این ای 245 اور این اے 247سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کاغذات نامزدگی میں اپنے خلاف 23مقدمات کو چھپایا۔ این آر او کے تحت ختم مقدمات دوبارہ کھل گئے تھے۔ فاروق ستار این آر او کے تحت بند ہونیوالے مقدمات میں تاحال مفرور ہیں۔ درخواست گزار متعلقہ حلقوں کا ووٹر نہیں ہے۔ درخواست گزار نے ریٹرننگ افسر کے پاس بھی کوئی اعتراض جمع نہیں کرایا۔ فاروق ستار نے لینڈ کروزر کیلیے خواجہ سہیل منصور کے قرضے کے کاغذات میں چھپایا۔ پریس کانفرنس میں لینڈ کروزر کی قیمت 90 لاکھ بتائی، کاغذات میں حساب نہیں دیا۔ عدالت نے مزید دلائل کیلئے سماعت 30 جولائی ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جواب دینے کا حکم دیدیا۔