نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد ن لیگ پنجاب میں کم بیک کرنے میں کامیاب

ن لیگ نے دوبارہ سے پنجاب میں قدم جما لیے ہیں، ممکنہ طور پر عام انتخابات میں پنجاب سے 80 کے قریب نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے: سینئر صحافی افتخار حسین

جمعرات 19 جولائی 2018 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 جولائی 2018ء) سینئر صحافی افتخار حسین کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد ن لیگ پنجاب میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، ن لیگ نے دوبارہ سے پنجاب میں قدم جما لیے ہیں، ممکنہ طور پر عام انتخابات میں پنجاب سے 80 کے قریب نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انتخابی دنگل لگنے میں محض 5 روز باقی ہیں۔

ایسے میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ وہ انتخابات میں کامیابی حاصل رکیں گی۔ تاہم تحریک انصاف کو اس وقت فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اب معروف اور سینئر صحافی افتخار حسین کی جانب سے کچھ اور ہی دعویٰ کیا گیا ہے۔ کئی روز سے تحریک انصاف کی فتح کی پیشن گوئی کرنے والے افتخار حسین کا اب کہنا ہے کہ ن لیگ نے دوبارہ سے پنجاب میں قدم جما لیے ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار حسین کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد ن لیگ پنجاب میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ نواز شریف کی واپسی سے قبل امکان تھا کہ ن لیگ 50 سے 60 نشستوں سے زیادہ پر فتح حاصل نہیں کر پائے گی، تاہم اب ن لیگ نے پنجاب میں زبردست کم بیک کیا ہے۔ افتخار حسین کے مطابق ن لیگ اب پنجاب میں 70 سے 80 نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

دوسری جانب جمعرات کے روز نجی ادارے روشن پاکستان کی جانب سے بھی سیاسی جماعتوں کے ممکنہ انتخابی نتائج سے متعلق ایک سروے جاری کیا گیا ہے۔ روشن پاکستان کے سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 98 سیٹیں لے کر اکثریتی سیٹس لینے والی پارٹی بن کر ابھرے گی جبکہ دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن ہو گی جس کے حصے میں 70 سیٹیں آئیں گی۔ جبکہ پیپلز پارٹی 41 کے قریب نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے گی۔

دوسری جانب ایم کیو ایم اور مولانا فضل الرحمان بھی 10، 10 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سروے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت ہوگی، تاہم اس کے باوجود اسے حکومت قائم کرنے کیلئے دیگر کچھ جماعتوں کی حمایت کی ضرورت بھی ہوگی۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئی تو یہ پاکستان کیلئے بدقسمتی ہوگی۔ اگر ہم تنہاء حکومت قائم نہ کر پائے تو ایسی صورت میں آزادی کیساتھ کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔