پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کی لہر آچکی ہے، عمر کوٹ جسلہ ایک تاریخ رقم کر چکا ہے، شاہ محمود قریشی

جمعہ 20 جولائی 2018 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کی لہر آچکی ہے، عمر کوٹ میں بھی ہم نے اتنا بڑا جسلہ کیا جو ایک تاریخ رقم کر چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’نیوز ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے گھبرائے ہوئے ہیں ، اس لئے اب یہ لوگ بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام ماضی کی حکومتوں سے تنگ آچکے ہیں کیونکہ انہوں نے عوام کے لئے کچھ بھی نہیں کیا، عوام کارکردگی کا مطالبہ کر تے ہیں، عوام کرپشن سے تنگ آئے ہوئے ہیں اور اب تبدیلی چاہتے ہیں اسی لیے عوام پی ٹی آئی کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، سیورج کا نظام بھی نہ ہونے کے برابر ہے جو وہاں ماضی کی حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر وہاں پاکستان تحریک انصاف ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی کیونکہ عوامی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔