شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی سمیت چار سو لیگی کارکنوں کیخلاف درج مقدمات کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں پیش

جمعہ 20 جولائی 2018 21:00

لاہور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء)سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت چار سو مسلم لیگی کارکنوں کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ آئی جی پنجاب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیا،عدالت نے انتخابات تک مسلم لیگی قیادت اور کارکنان کو ہراساں کرنے سے روک دیا،لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی جانب سے درج مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا گیا،سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقدمات تھانہ شمالی چھائونی اور تھانہ لوہاری میں درج کئے گئے،لیگی قیادت اور کارکنان نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی لہذا عدالت درخواست مسترد کرے، درخواست گذار مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کی پاکستان آمد کے موقع پر ن لیگی قیادت کو ہراساں کرنے کیلئے بے بنیاد مقدمات درج کئے گئے، انہوں نے کہا کہ پولیس ان مقدمات کی آڑ میں لیگی قیادت اور کارکنان کو ہراساں کر رہی ہے،مقدمات کی بناء پر پچیس جولائی کو ہونے والے انتخابات کیلئے لیگی کارکنان کو اپنی انتخابی مہم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے،جس پر عدالت نے لیگی قیادت اور کارکنان کو انتخابات تک ہراساں کرنے سے روک دیا،عدالت نے مقدمات کی مصدقہ نقول درخواست گزاروں کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی،عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔