پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے‘شہباز شریف

نیب کی کارروائیاں ہمیں دیوار سے لگانے کیلئے ہورہی ہیں، الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی عمران خان نے خیبر پختونخواہ کا بیڑہ غرق کر دیا ،پشاور میٹرو کا فراڈ پشاور ہائیکورٹ نے بے نقاب کر دیا ، بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا گیا اللہ نے موقع دیا تو کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا‘صدر مسلم لیگ (ن) کی پشاور میں اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو ،مینگورہ ،سوات میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 20 جولائی 2018 21:42

پشاور /سوات (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے الزام لگایا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہے اور اس کے احکامات پر ناچ رہی ہے،نیب کی کارروائیاں ہمیں دیوار سے لگانے کے لیے ہورہی ہیں، اگر الیکشن شفاف ہوئے تو پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں ہماری حکومت ہوگی، پشاور میٹرو کا فراڈ پشاور ہائی کورٹ نے بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ کیوں دیا، عمران خان کہتا تھا کہ اس ملک سے کرپشن ختم کر دوں گا، پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے ،ایک لاکھ سے زائد درخت لگانے کا جھوٹا وعدہ کیا، بہتان خان 300ارب کے قرضے لے کر کھا گیا ہے اور خیبر پختونخواہ کے لیے کچھ نہیں بنایا اور صوبہ بھر کا بیرہ غرق کر دیا، اللہ نے موقع دیا تو کے پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو ،مینگورہ ،سوات میں ایک بہت بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن ) کے پی کے کے رہنماء امیر مقام و دیگر مقامی قیادت ان کے ہمراہ تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ۔

نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشاورں پر ناچ رہی ہے اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ پی ٹی آئی کے کارکن بنے ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن بھی خاموش تماشائی ہے۔لاڈلا کچھ بھی کرے اسے کھلی چھوٹ ہے جبکہ ہمارے ورکرز پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی جاتی ہیں۔ الیکشن مہم میں صرف تین دن رہ گئے ہیں لیکن نیب کی ساری کارروائیاں مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے لیے ہو رہی ہیں ۔

ہماری نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں جبکہ کچھ لوگ پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن ) کو دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سال لاہور میٹرو کے خلاف جنگلہ بس کا پروپیگنڈہ کیا اور پانچویں سال پشاور میں خود میٹرو بس بنانا شروع کر دی ۔ لاہور میٹروپراجیکٹ 27 کلومیٹر ہے اور وہ 30 ارب رو پے میں بنا لیکن پشاور میٹرو 26کلومیٹر ہے جس کا تخمینہ 68 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس کا ٹھیکہ بھی ایک بلیک لسٹ کمپنی کودے کر فراڈ کیا گیا ۔

کیا نیب کو یہ فراڈ نظر نہیں آتا میں پشاور ہائی کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جھوٹے خان کا پردہ فاش کیا۔کے پی کے غیور عوام اب جھوٹ برداشت نہیں کریں گے، میں پوچھتا ہوں اب نیب کہاں ہی پنجاب میں ہم جھاڑو بھی خریدیں تو انکوائری شروع ہو جاتی ہے۔ اگر نیب کو مسلم لیگ ن سے فرصت ہوتی تو اس فراڈ کا نوٹس لیتا۔ اگر ایسا فراڈ پنجاب میں ہوتا تو یہ ہمیں کالے پانی بھیج دیتے ۔

لاڈلے کی اتنی بڑی ڈکیتی پکڑی گئی اس کو کوئی بلاتا نہیں۔ لیکن اگر اللہ نے موقع دیا تو یہ منصوبہ ہم مکمل کرکے دکھائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سارے کرپٹ لاڈلے کی پارٹی میں پہنچ گئے ہیں لیکن عوام کی اکثریت مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے اور اگر کسی نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو ملک کیلئے اچھا نہیں ہو گا ۔ اگر خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے موقع دیا تو کے پی کو پنجاب کے برابر لائیں گے ۔

ہم مرکز سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے ، امیر مقام یہاں کے وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔ ایک طرف نیو کلیئر طاقت ہیں دوسری طرف بھکاری نہیں ہو سکتے ۔اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کے برابر لائیں گے ۔ہم تعلیم اورصحت سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دیں گی ۔مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو تمام سازششیں دم توڑ جائیں گی۔

ہم ووٹر کی عزت اور ووٹ کا احترام چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ترقی کے لیے شفاف الیکشن ناگزیر ہے۔۔ نیشنل ایجنڈا اور قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے ۔ ووٹ کی عزت خدمت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کے جلسے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، شدید بارش کے باوجود اٹک جلسے میں عوام کا سمندر تھا، راجن پور جلسہ میں بھی عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھا، دوسری جانب عمران خان کے جلسے مسلسل فلاپ ہو رہے ہیں ، ان کے جلسوں میں کرسیاں تو لگائی جاتی ہیں لیکن بندہ کوئی نہیں ہوتا۔

عمران خان کو الزام خان اور بہتان خان اس لیے کہتا ہوں کیونکہ وہ بہت جھوٹ بولتے ہیں ۔ میں کراچی ، کوئٹہ، پشاور کو لاہور بنانے کا کہتا ہوں کیا عمران خان اس قابل ہیں کہ وہ کہہ سکیں کہ میں لاہور کو پشاور بنا دوں گا، پشاور خوشبوئوں کا شہر تھا لیکن عمران خان نے پشاور کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے،بہتان خان کہتا تھا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بنائوں گا بلکہ کالج، یونیورسٹی، ہسپتال بنائوں گا تاہم وہاں نہ کالج بنے، نہ ہسپتال بنے، نہ یونیورسٹی بنی اور میٹرو بس پر تنقید کرتے رہنے کے عادی شخص نے پشاور کی عوام کو میٹرو بس کے نام پر 70ارب روپے کے کھڈے دیے۔

جب ہم نے پنجاب میں ہسپتال بنائے تو عمران خان نے پشاور کے ایک پرائیوٹ ہسپتال کا جعلی اشتہار چلا دیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہاگر ہمیں دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو ووٹ کی پرچی کو عزت دینی ہوگی۔ نواز شریف اسی ووٹ کی عز ت کی خاطر وطن واپس آئے ۔وہ جانتے تھے کہ انہیں جیل بھیجا جائے گا اس کے باوجود وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اہلیہ کو چھوڑ کر اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ واپس آئے اور عوام نے بھی نواز شریف کا پرتباک استقبال کر کے اپنی محبت کا ثبوت دیا ، یوں محسوس ہوتا تھا کہ پورا لاہور امڈ آیا ہے۔

عوام کا سمندر لاہور کی سڑکوں پرتھالیکن ایک گملاتک نہیں ٹوٹا لیکن ہمارے پر امن استقبال کے باوجود ہم پر دہشت گردی کے پرچے درج کیے گئے ہیں۔ میڈیا نے بھی دبائو میں آکر 13جوالائی کی تاریخی ریلی کا بلیک آئوٹ کیا لیکن عالمی میڈیا جانبداری کی گواہی دے رہا ہے ۔قبل ازیں پشاور ائیرپورٹ پہنچنے پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام سمیت دیگر مقامی رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا ۔

شہباز شریف ائیرپورٹ سے سیدھا بلور ہائوس گئے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ بلور خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وطن عزیز اور جمہوریت کیلئے بلور خاندان کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ پاکستان میں امن ہر قیمت پر قائم کریں گے ۔

امن کے بغیر پاکستان کی ترقی ممکن نہیں ۔ اگر پاکستان میں امن نہیں ہوگا تو غربت اور بے روزگاری بھی ختم نہیں ہو سکتی ۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے آخری حد تک جانا ہو گا۔ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محبت کاآپ نے اظہار کیا ہے وہ ہماری فتح کا اعلان ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ 25 جولائی کو نواز شریف کے شاہین شیر پر مہریں لگائیں گے، مجھے آپ نے یہاں امیدوار بنایا ہے اس پر آپ کا شکرگزار ہوں، اگر اللہ نے موقع دیا تو سوات اور مینگورہ کا پہلا حق ہو گا ،سوات ،مینگورہ کو تمام سہولیات دینا میری پہلی ترجیح ہو گی،پبلک ٹرانسپورٹ عوام کا بنیادی حق ہے ،میںکہتا ہوں کہ کراچی کو لاہور بنا دوں گا، پشاور کو لاہور بنا دوں گا ،کیا خان تم کہہ سکتے ہو کہ لاہور کو پشاور بنا دوں گا،انہوں نے مزید کہا کہ میں پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، پنجاب میں بیٹھ کر بغیر کسی مفاد کے سوات والوں کے لیے ہسپتال بنوایا تھا، میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں،اللہ نے موقع دیا اور آپ نے ووٹوں کے ذریعے منتخب کیا تو سوات کو پاکستان کا سب سے بڑا تفریحی مقام بنا دوں گا، اس کے علاوہ مالاکنڈ ڈویثرن اور سوات میں ہسپتال اور میڈیکل یونیورسٹی بھی بنائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا چھوڑ کر اپنی بیٹی مریم کے ساتھ عوام کے لئے واپس آئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آپ نے آج سے قبل کبھی یہ منظر نہیں دیکھا ہو گا کہ باپ کے سامنے بیٹی اور بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا ہو ،ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے، جس شخص نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک کا تحفہ دیا، موٹر ویز کے جال بچھائے، زراعت، صنعتیں، ہسپتال، سکول اور کالجوں کی صورت حال کو بہتر بنا دیا اس نواز شریف کو سزا سنا دی گئی، 25جولائی کو انشاء اللہ شیر کی جیت ہو گی اور 26جولائی کا سورج مسلم لیگ (ن ) کا ہو گا، ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔