آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم کا سانحہ مستونگ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے کانک اور مستونگ کا دورہ

جمعہ 20 جولائی 2018 22:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء)آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم کا سانحہ مستونگ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیئے کانک اور مستونگ کا دورہ، تفصیلات کے مطابق آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اویکجہتی کے لیئے کلی نواب زادہ سراج رئیسانی ،کانک اور مستونگ کا دورہ کیا ۔

اس موقع پرعلاقے کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے فاتحہ خوانی اورتعزیت میں شرکت کی ۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سانحہ مستونگ پر افسردہ اور متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میںسیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھٹرے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان نواب زادہ سراج رئیسانی کی خواہش پر کلی سراج ریئسانی میں قائم بوائز اور گرلزاسکول کی تزین و آرائش کا کام اپنے ذمہ لیتی ہے۔

علاوہ ازیں سانحہ مستونگ کے ایک شہید کی خواہش تھی کہ ان کا بیٹا آرمی پبلک اسکول میں تعلیم حاصل کر سکے جس پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم نے شہید کی خواہش کومد نظر رکھتے ہوئے یتیم بچے کی تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری ایف سی کے سپرد کی۔اس موقع پرتقریب میں موجود افراد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر پاک فوج اور ایف سی کی بھر پور حمایت کا اعادہ کیا ۔تقریب کے آخر میں سانحہ مستونگ کے متاثرین اور نادار افراد میں راشن بھی تقسیم کیا گیا ۔