عام انتخابات ،شناختی کارڈ کے حصول کی تمام نارمل درخواستوں کی کیٹگری ایگزیکٹو میں تبدیل کردی گئی

شناختی کارڈز کی چھپائی 24 گھنٹے جاری رہے گی ،جن افراد کی شناختی کارڈ ملنے کی تاریخ 25 جولائی کے بعد تھی انہیںبھی پہلے کارڈ جاری کردیا جائیگا

جمعہ 20 جولائی 2018 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا)نے 25 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ووٹ کے یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شناختی کارڈ کے حصول کی تمام نارمل درخواستوں کی کیٹگری بھی ایگزیکٹو میں تبدیل کردی گئی ہے ۔

نادرا کی جانب سے یہ فیصلہ رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے ووٹ ڈالتے وقت شناختی کارڈ دکھانے کی شرط پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔چیئرمین نادرا عثمان مبین کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن افراد کے شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہوچکی ہے وہ بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شناختی کارڈز کی چھپائی 24 گھنٹے جاری رہے گی اور اگر کسی فرد کے شناختی کارڈ ملنے کی تاریخ 25 جولائی کے بعد تھی تو بھی اسے پہلے کارڈ جاری کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کے حصول کی تمام نارمل درخواستوں کی کیٹگری بھی ایگزیکٹو میں تبدیل کردی گئی ہے اور متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی شناختی کارڈز کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔16 جولائی سے پہلے دی گئی درخواستوں کو 25 جولائی سے قبل نمٹانے کی پوری کوشش کی جائے گی تاہم اس دوران 16 جولائی کے بعد دی جانے والی درخواستوں پر بھی کام جاری رہے گا۔

الیکشن والے دن بھی نادرا کے تمام دفاتر دوپہر دو بجے تک کھلے رہیں گے وہ افراد جنہوں نے 16 جولائی کے بعد شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے درخواست دی ہے انہیں پرانا شناختی کارڈ اپنے پاس رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ الیکشن والے روز کارڈ دکھا کر ووٹ کاسٹ کرسکیں۔خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد اس وقت 10 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار ہے۔