سعودی عرب ،سگریٹ کا آدھا پیکٹ فروخت کرنے پر5 ہزار،ہاتھ سے ملائے گئے شیشے کے تمباکو کی فروخت پر 30ہزار ریال جرمانہ

جمعہ 20 جولائی 2018 12:20

جدہ ۔20 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء)سعودی عرب میں متعدد سرکاری اداروں کی نمائندہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سگریٹ کا آدھا پیکٹ فروخت کرنے پر 5 ہزار ریال اورہاتھ سے ملائے گئے شیشے کے تمباکو کی فروخت پر 30 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ کمیٹی کے عہدیداروں نے جدہ شہر کی دکانوں اور قہوہ خانوں پر چھاپے مارے۔

سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی میں وزارت صحت ، امن عامہ اور جدہ میونسپلٹی کے نمائندے شامل ہیں۔ کمیٹی نے تمام دکانوں پر پابندی لگائی ہے کہ وہ اپنے بورڈ سفید اور سیاہ دو رنگوں میں تیار کرائیں۔ دکان کے شیشے کو پوری طرح سے کلر کروائیں۔ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ اور تمباکو کے نرخ بڑھائے جانے پر دکانداروں نے سگریٹ کی پوری ڈبیہ کے بجائے کھلے سگریٹ فروخت کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں حقے کیلئے تیار کیا جانے والا تمباکو ہاتھ سے بنانے پر پابندی ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں تمباکو ہاتھ سے تیار کیا جانے لگا ہے۔ ایسا کرنے والوں کو 20سے 30ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دکان سربمہر کی جا سکتی ہے۔ دکانداروں پر ایک پابندی یہ عائد کی گئی ہے کہ حقے کے تمباکو کے ڈبے کا حجم 500گرام سے کم نہ ہو علاوہ ازیں ڈبے کے اوپر تمباکو تیار کرنے اور قابل استعمال ہونے کی آخری تاریخ کا اندراج بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ تمباکو میں شامل دیگر عناصر کی بھی نشاندہی تحریری طور پر کی جائے۔