ملک میں آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعہ 20 جولائی 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء) نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ ملک میں آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہم صرف معاونت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کے معاملے پر انتخابی امیدواروں کو نگراں حکومت سے شکایت کرنی چاہیئے جو ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی نگراں حکومت کارروائی کرے گی۔ سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کے دوران اپنے بیانیے کو پیش کر سکتی ہیں۔ محمد نواز شریف کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو نیب نے لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا کیونکہ نیب ہی محمد نواز شریف کا معاملہ ڈیل کر رہی تھی، پنجاب کی نگران حکومت نے اس موقع پر صرف سکیورٹی کے انتظامات کیے۔