عام انتخابات کے موقع پر نگران صوبائی حکومت، الیکن کمیشن کی جانب سے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں،ملک خرم شہزاد

جمعہ 20 جولائی 2018 22:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 20 جولائی 2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان حکومت بلوچستان ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے موقع پر نگران صوبائی حکومت اور الیکن کمیشن کی جانب سے عوام کو سہولیات پہنچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے گئے ہیں لہٰذا پورے بلوچستان کے تمام ووٹرز سے گزارش ہے کہ وہ 25جولائی کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے گھروں سے ضرور نکلیں تاکہ 2018 کے الیکشن میں ٹرن آؤٹ ماضی کی نسبت زیادہ سے زیادہ ہو ۔

انہوںنے کہا کہ پولنگ بوتھ پر خواتین اور بزرگوں کیلئے ضروری انتظامات موجود ہیں لہٰذا اس ضمن میں نوجوان اور صحت مند افراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ضعیف اور معذور لوگوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے پہلے موقع دیں تاکہ انہیں انتظار کی زحمت نہ اٹھا نا پڑے ۔

(جاری ہے)

ملک خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو تمام تر سہولیات پہنچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے تاہم اگر کسی جگہ پر انتظامات کے حوالے سے کچھ مشکل پیش آئے تو ہماری عوام فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ذمہ دارشہر کی حیثیت سے اپنے طور پر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرے تاکہ الیکشن کا یہ اہم مرحلہ کسی بھی رکاوٹ کے بغیر پایہ تکمیل تک پہنچے ۔

انہوں نے عام انتخابات کے حوالے سے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ ووٹ کی اہمیت اور ضرورت کو سمجھتے ہوئے ہر قسم کی منفی سوچ اور منفی پروپگنڈہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنا قیمتی ووٹ کا سٹ کریں تاکہ ملک میں جمہویت کی بقاء اور تسلسل جاری رہ سکے۔