ایف آئی اے نے ضمنی چالان میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے نام مفرور ملزمان کی فہرست میں ڈال کر سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے

عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو نظرانداز کرنیوالے ایف آئی اے کے افسران کے اس اقدام کا سخت نوٹس لیا جائے، آئینی وقانونی ماہرین

ہفتہ 21 جولائی 2018 23:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 21 جولائی 2018ء) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت میں جمع کرائے گئے ضمنی چالان میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے نام مفرور ملزمان کی فہرست میں ڈال کر سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو حکم دیا تھا کہ انتخابی سرگرمیوں کی وجہ سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو 25جولائی تک تنگ نہ کیا جائے۔

ان کے وکلائ نے بھی ایف آئی اے میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروادیا تھا اس کے باوجود ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کرائے گئے عبوری چلان میں ان کا نام مفرور ملزمان کی فہرست میں ڈال دیا ہے۔ زین ملک،شہزاد جتوئی اور دیگر افراد کے نام بھی مفرور ملزمان کی فہرست میں شامل کرا ئے گئے حالانکہ وہ بھی ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذارئع کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے جمع کرائے گئے عبوری چالان میں منی لانڈرنگ یا دیگر فوجداری الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے ہیں ایف آئی اے کے اس اقدام سے بشیر میمن اور نجف مرزا کی بدنیتی واضح اور انتخابات پر اثر انداز ہونے کی گھنائو نی سازش ہے ایف ائی اے کے دونوں افسران سندھ کی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار کے قریبی عزیز ہیں آئینی وقانونی ماہرین نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو نظرانداز کرنیوالے ایف آئی اے کے افسران کے اس اقدام کا سخت نوٹس لیا جائے۔