پولنگ اسٹیشنز ، پولنگ عملے اور سیاسی رہنمائوں کو خطرات ہیں،

امن وعامہ کے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں،ہم پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں، ٹرن آئوٹ گزشتہ الیکشن سے بڑھ چڑھ کر ہوگا،( آج) قوم جمہوریت کا جشن منائے گی ،7 سیاسی جماعتوں نے خواتین کو5فیصدٹکٹ دینے کی شرط پوری نہیں کی ، جن جماعتوں نی5فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دیئے ان کا انتخابی نشان چھینا جا سکتا ہے ، ٹوٹل 9نشستیں انتخابی مقابلے میں شامل نہیں ہوں گی سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی میڈیا سے گفتگو

منگل 24 جولائی 2018 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز ، پولنگ عملے اور سیاسی رہنمائوں کو خطرات ہیں، ابھی بھی امن وعامہ کے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں،ہم پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں، ٹرن آئوٹ گزشتہ الیکشن سے بڑھ چڑھ کر ہوگا،( آج) قوم جمہوریت کا جشن منائے گی ،7 سیاسی جماعتوں نے پانچ فیصدٹکٹ خواتین کو دینے کی شرط پوری نہیں کی ، جن جماعتوں نے پانچ فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دیے ان کا انتخابی نشان چھینا جا سکتا ہے ، ٹوٹل 9نشستیں انتخابی مقابلے میں شامل نہیں ہوں گی۔

منگل کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ( آج) قوم جمہوریت کا جشن منائے گی ، دس کروڑ59لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

(جاری ہے)

ٹرن آئوٹ گزشتہ الیکشن سے بڑھ چڑھ کر ہوگا ، عوام کا جوش وخروش ثابت کرے گا کہ وہ جمہوریت کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹل 17ہزار پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے ،ٹوٹل11673امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے جن میں سے سیاسی جماعتوں کے قومی اسمبلی کیلئے 1805امیدوار جبکہ آزاد حیثیت میں 1623امیدوار ہوں گے ۔

صوبائی نشستوں کیلئے 3856سیاسی جماعتوں کے امیدوار جبکہ 4399آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے ۔خواتین کی نشستوں کیلئے قومی اسمبلی کیلئے 172جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے 386امیدوار ہیں ۔95سیاسی جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں ، سات سیاسی جماعتوں نے پانچ فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کی شرط پوری نہیں کی ، جن جماعتوں نے پانچ فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دیے ان کا انتخابی نشان چھینا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹوٹل 9نشستیں انتخابی مقابلے میں شامل نہیں ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی امن وعامہ کے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں ، ہم پر امن الیکشن دیکھنا چاہتے ہیں ،لاہور میں شناختی کارڈز ملنے کے حوالے سے نادرا سے رپورٹ طلب کی تو انہوں نے بتایا کہ وہ سارے شناختی کارڈ زائد المیعاد تھے ۔ چیئرمین نادرا اس حوالے سے تحقیقات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران سے درخواست ہے کہ آر ٹی ایس سسٹم کو کامیاب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ آفیشنل نتائج سرکاری ٹی وی کے ذریعے شیئر کئے جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز ، پولنگ عملے اور سیاسی رہنمائوں کو خطرات ہیں۔ این اے 60کے الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 218/3الیکشن کمیشن کو اختیارات دیتا ہے ،پوسٹل بیلٹ پیپرز کی تعداد الیکشن کے بعد ہی پتہ چل سکتی ہے ۔