مخالفین کو اپنی شکست نظر آرہی ہے، آصف علی زرداری

منگل 24 جولائی 2018 22:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے مخالفین کی جانب سے پیپلزپارٹی کے حامیوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کو اپنی شکست نظر آرہی ہے اس لئے تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے خیرپور میں پیپلزپارٹی کے کارکن یاسر کلہوڑو کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید واپس آگئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پرچم سنبھال لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی آنکھوں میں ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خوبصورت خواب ہیں۔ اس لئے وہ اپنے منشور کے ساتھ عوام کے درمیان ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے مخالفین کی زبانوں پر صرف گالیاں اور الزام تراشیاں ہیں۔ آصف علی زرداری نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پورے جوش اور جذبے سے انتخابی عمل میں شریک ہوں اور پولنگ سٹیشنوں پر بیلٹ باکسوں کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اندھیروں کے دن ختم ہونے والے ہیں، عوام کی دعائوں اور ووٹ سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے ملک بھر میں پارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے جیالوں پر فخر ہے۔ واقعی جیالے ناقابل شکست ہیں۔