بین الاقوامی انتخابی مبصرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ

ہر پولنگ اسٹیشن پر 4 فوجی جوان تعینات ہوںگے ،رینجرز کو انتخابات کے دن عارضی طورپر فوج کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے،ڈی سی آفس میں کنڑول روم بھی قائم کیا گیا،ذرائع

منگل 24 جولائی 2018 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء) بین الاقوامی انتخابی مبصرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اس حوالے سے ڈی آئی جی سیکورٹی نے بتایا کہ الیکشن آبزرورز کو منسٹری آف انٹیریر اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔منگل کو ڈی آئی جی سیکورٹی وقار احمد چوہان کے دفتر میں انٹرنیشنل الیکشن آبزرورز کی سیکورٹی کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد ہوا،جس میں یورپی یونین،آسٹریلیا، امریکہ، کنیڈا،انگلینڈ اور کامن ویلتھ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی سیکورٹی نے بتایا کہ الیکشن آبزرورز کو منسٹری آف انٹیریر اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کا سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا،قومی اسمبلی کے 3 حلقوں کیلئے پولیس ،رینجرز ، ایف سی اور آرمی کی تعیناتی طے ہوئی،پولیس 7 ہزار ، آرمی 24 سو ، ربنجرز کے 6 سو اور ایف سی کے 4 سو جوان تعینات ہوںگے، ہر پولنگ اسٹیشن پر آرمی کے 4جوان تعینات ہوںگے ،رینجرز کو الیکشن ڈے پر عارضی طورپر آرمی کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمرے 26 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈی سی آفس میں کنڑول روم قائم کردیا گیا ۔حکام کے مطابق کنٹرول روم میں آئیسکو ، سی ڈی اے ، ریسکیو اور اسپتالوں کے نمائندے بھی موجود ہوںگے ،پولیس سیف سٹی کے مرکز سے شہر کو مانیٹر کرنے کی کوشش کرے گی ، سیف سٹی کے 1840 کیمروں میں سے 524 ایک عرصہ سے خراب پڑے ہیں۔