لاہور ،نالے سے ملنے والے تمام شناختی کارڈز زائدالمیعادہیں،ترجمان نادرا

تمام شناختی کارڈ 2010 سے پہلے کے ہیں اور ان کی جگہ تما م نئے کارڈزجاری ہوچکے ہیں

منگل 24 جولائی 2018 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء)ترجمان نادرا نے وضاحت کی ہے کہ نالے سے لاہور کے حلقہ این 125 سے ملنے والے تمام شناختی کارڈ 2010 سے پہلے کے ہیں اور ملنے والے کارڈ ز2018کے عام انتخابات میں نا قابل استعمال ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق این اے 125 شفیق آباد کی یوسی 50 کے بند روڈ پر نالے سے سینکڑوں شناختی کارڈ ملنے کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے اس حوالے سے ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ نالے سے ملنے والے تمام شناختی کارڈز زائدالمیعاد ہونے کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں اور تمام شناختی کارڈ 2010 سے پہلے کے ہیں اور ان کی جگہ تما م نئے کارڈزجاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ نالے سے ملنے والے کارڈز 2018کے انتخابات میں نا قابل استعمال ہیں۔

قبل ازیں این اے 125 شفیق آباد کی یوسی 50 کے بند روڈ پر نالے سے سینکڑوں شناختی کارڈ برآمدہوئے تھے ، شناختی کارڈ کی نشاندہی وہاں کھیلنے والے بچوں نے کی جس پر شہریوں نے پولیس کو اطلاع دی اورپولیس نے بوریوں میں بھرے شناختی کارڈ قبضے میں لے لئے تھے۔پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے نالے سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔