چکوال، چوہدری سالک حسین اور چوہدری راسخ الٰہی کا این اے 65 میں مختلف وفود سے ملاقاتیں

چوہدری پرویز الٰہی چکوال، تلہ گنگ کو اپنا دُوسرا گھر سمجھتے ہیں ، پہلے بھی عوام کی خدمت کی دُور دراز آبادیوں کی محرومیوں کا خاتمہ کر کے بجلی، صحت اور تعلیم عام کریں گے،

منگل 24 جولائی 2018 23:39

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے فرزند چوہدری سالک حسین، چوہدری پرویز الٰہی کے فرزند چوہدری راسخ الٰہی کی حلقہ این اے 65 کے مختلف موضع جات کے وفود سے ملاقاتیں۔ اس موقع پر چوہدری سالک حسین اور چوہدری راسخ الٰہی نے عوام کو یقین دلایا کہ چکوال، تلہ گنگ کو اپنا دُوسرا گھر سمجھتے ہیں جس طرح چوہدری پرویز الٰہی نے پہلے ملک بھر کی طرح چکوال اور تلہ گنگ کے عوام کی خدمت کی ہے انشاء اللہ پہلے سے بھی بڑھ کر علاقہ دھن اور ونہار کی دُور دراز آبادیوں تک بجلی، صحت اور تعلیم عام کریں گے، ان کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔

اس حلقے کی عوام کی خدمت کرنا ہمارے لئے کسی عبادت سے کم نہیں کیونکہ یہ علاقہ غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے۔

(جاری ہے)

غازیوں اور شہیدوں کے ورثاء کی خدمت صحیح معنوں میں عبادت ہے۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی، حافظ عمار یاسر اور سردار آفتاب اکبر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔ اس موقع پر چوہدری فخر عباس نمبردار بکھاری کلاں، رئیس آف بکھاری کلاں چوہدری ہمایوں سکندر، محمد خان تترال، ملک حفیظ انجم، ملک رضا خان میانی نے بھی علاقہ کے عمائدین کو کہا کہ ہم آپ کے وکیل بن کر چوہدری برادران سے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔