ابو ظہبی:کِکی ڈانس چیلنج کی ویڈیو پوسٹ کرنے پر تین افراد گرفتار کر لیے گئے

قانون کے مطابق ’کِکی ڈانس چیلنج‘ قابلِ تعزیر جُرم ہے

منگل 24 جولائی 2018 13:35

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء)ابو ظہبی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی کِکی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیو پوسٹ کرنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان افراد کی گرفتاری سڑک کے عین بیچ میں ’کِکی ڈانس‘ کر کے اپنی اور دیگر ڈرائیور حضرات کی جان خطرے میں ڈالنے کے الزام پر کی گئی ہے۔

ابو ظہبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ان افراد نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور سڑک کے درمیان خطرناک ڈانس کر کے اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے امارت کی اقدار اور سماجی روایات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ واضح رہے کہ کینیڈین گلوکار ڈریک کی مشہور میوزک ویڈیو ’اِن مائی فیلنگ‘ میں کِکی ڈانس کی پرفارمنس دُنیا بھر میں وائرل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

کِکی چیلنج میں ڈرائیور حضرات اپنی گاڑی کی رفتار انتہائی کم کر کے اچانک کار کا دروازہ کھول کر باہر آجاتے ہیں اورگانے کے بول پر ناچنے لگتے ہیں۔

جبکہ اس دوران گاڑی خود بخود ہلکی رفتار سے چلتی رہتی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ’کِکی چیلنج‘ ایک قابلِ تعزیر جُرم ہے۔ فیڈرل پینل کوڈ اور 1995ء کے ٹریفک لاء کی شِق نمبر 21کی رُو سے اس خطرناک حرکت پر قید کی سزا ہو سکتی ہے یا پھر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ یوں اچانک چلتی کار سے باہر آ کر ناچنا خود منچلوں کے لیے بھی خطرے کا باعث ہے کیونکہ پیچھے سے آنے والی کوئی بھی کار اُنہیں روند سکتی ہے۔

دُوسرے اپنی کار کو چلتی ہوئی حالت میں چھوڑ دینا دیگر افراد کے لیے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکت پر فوراً گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ جبکہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی منفی حرکات کی ترغیب بھی جُرم کی زمرے میں آتی ہے۔ اس وقت سوشل میڈیا پر کِکی چیلنج بہت مقبول ہو رہا ہے۔ دُنیا کے کئی ممالک میں لوگ اس کے زیر اثر اچانک چلتی گاڑی سے باہر نکل کر ناچنا شروع کر دیتے ہیں۔ جبکہ کچھ دِن قبل ایک خاتون بھی اس چیلنج کو پُورا کرنے کے شوق میں ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئی۔ اماراتی حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس طرح کی منفی اور خلافِ سماج حرکات میں ملوث ہونے سے روکیں اور اُن کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔