پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے جیتے گی،شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 24 جولائی 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جماعت دوتہائی اکثریت سے عام انتخابات جیت جائے گی۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام میں سب سے مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب پی ٹی آئی ملک میں ایک سیاسی حقیقت بن چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات جیتنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد بارے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ صوبے میں سیاسی تبدیلی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے میں اپنی گزشتہ دو حکومتوں کے 10 سالہ دور میں بھی علاقے کے نظام کو بہتر نہیں بنا سکی۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام پی ٹی آئی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای) کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن ان کی پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف توجہ مرکوز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور جی ڈی اے دونوں صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے الزام لگایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے علاقوں سے مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور یہ دعوٰی بھی کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب کے 104 حلقوں سے اپنے امیدواروں کو بھی نامزد نہیں کیا۔