شہباز شریف اچانک حنیف عباسی کے گھر پہنچ گئے، اہل خانہ کی حوصلہ افزائی، ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا

جمعہ 27 جولائی 2018 22:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 جولائی 2018ء)مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف جمعہ کی شام اچانک قومی اسمبلی کے حلقہ این ای60کے سابق امیدوارحنیف عباسی کے گھر پہنچ گئے اس موقع پر سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب،اراکین قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور طارق فضل چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے شہباز شریف20منٹ تک حنیف عباسی کے گھر رہے جہاں انہوں نے حنیف عباسی کی اہلیہ ، ان کے بیٹے حماد عباسی سمیت دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے شہباز شریف نے حنیف عباسی کی پارٹی اور راولپنڈی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے اہل خانہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایایاد رہے کہ حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا ہونے کے باعث اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل ہیں جو حالیہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این ای60سے مسلم لیگ ن کے امیدوار بھی تھے تاہم انہیں قید کی سزا ہونے کے باعث اس حلقے کا الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا ۔