پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے رشتہ داروں نے لڑکے کوذبح کردیا

جمعہ 27 جولائی 2018 22:37

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 جولائی 2018ء) گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے رشتہ داروں نے لڑکے کو چھریوں سے ذبح کرکے انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کردیا،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ، لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ،لڑکی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔۔ تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں بلوچ ہوٹل کے قریب الامین ٹائون میں رات کو ملزمان نے مکان کے اندر داخل ہوکر 25سالہ نوجوان رحمن اللہ ولد غفورخان قوم پٹھان سکنہ باجوڑایجنسی کوچھریوں کے وار سے زخمی کردیا اور بعد ازاں چھریوں سے اسے ذبحہ کرکے انتہائی سفاکی اور بربریت سے اس کی گردن کو تن سے ہی جدا کردیا ۔

مقتول کی بیوی چوبیس سالہ اثناء بی بی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے پانچ ماہ قبل گھر سے بھاگ کر مقتول کے ساتھ پسندکی دوسری شادی کی اور وہ پنجاب چلے گئے ۔

(جاری ہے)

پندرہ روز قبل وہ ڈیرہ اسماعیل خان آگئے اور بلوچ ہوٹل کے قریب الامین ٹائون میں کرایہ کے مکان میں رہنے لگے ۔وقوعہ کی شب گیارہ بجے وہ مکان کے صحن میں ایک ہی چارپائی پر سور رہے تھے کہ اس دوران دروازے پر دستک ہوئی اس کے شوہر نے دروازہ کھولا تو تین افراد مکان کے اندر داخل ہوگئے جنہوں نے میرے شوہر کو چھریوں کے وار سے زخمی کردیا ۔

میں ڈر کر اندر کمرے کی جانب بھاگ گئی ۔اس دوران انہوں نے میرے شوہر چھریوں سے ذبحہ کردیا اور اس کی گردن ہی تن سے جدا کردی ۔ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرارہوگئے ۔میں کمرے سے باہر نکلی تو شوہر کو خون میں لت پت جاں بحق پایا ۔میرے شور شرابے پر پڑوسی اور اہل محلہ جمع ہوگئے اور انہوںنے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جنہوں نے لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ تین ملزما ن مکان کے اندر داخل ہوئے جبکہ تین ملزمان مکان کے باہر کھڑے رہے ۔وہ ملزمان کو نہیں جانتی لیکن اسے یقین ہے وہ اس کا سابقہ شوہر اور والدین ہوسکتے ہیں ۔ مقتو ل کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ۔پولیس نے لڑکی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے ۔