وزیراعلی پنجاب کون بنے گا، چوہدری پرویز الہی نے تحریک انصاف کیلئے مشکل کھڑی کردی

تجربے کے لحاظ سے دیکھا جائے تو پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے سب سے موزوں امیدوار میں ہوں، تاہم کسی صورت مخالفین سے ہاتھ نہیں ملائیں گے: سابق وزیراعلی پنجاب

ہفتہ 28 جولائی 2018 00:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 27 جولائی 2018ء) وزیراعلی پنجاب کون بنے گا، چوہدری پرویز الہی نے تحریک انصاف کیلئے مشکل کھڑی کردی، تجربے کے لحاظ سے دیکھا جائے تو پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے سب سے موزوں امیدوار میں ہوں، تاہم کسی صورت مخالفین سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، سابق وزیراعلی پنجاب کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے۔

نمبر گیم میں برتری کیلئے آزاد امیدواروں سے رابطے کر لئے گئے جبکہ تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ کامیاب ہونے والے 18 آزاد اراکین تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کریں گے، وزارت اعلیٰ کی دوڑ کے لئے بھی مختلف نام سامنے آ گئے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں نشستوں کی تعداد میں کم فرق ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی میں رسہ کشی جاری ہے تاہم آزاد امیدواروں کی جانب سے فیصلے کے بعد ہفتہ یا اتوار واضح تصویر سامنے آ نے کا قوی امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے بھی آزاد امیدواروں سے رابطے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی اور (ن) لیگ دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنما آزاد امیدواروں سے رابطے میں ہیں اور ان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے سر توڑ کوششیں کی جارہی ہیں۔ تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت بنانے کے لیے 130 ارکان ہمارے پاس موجود ہیں ، حکومت تحریک انصاف ہی بنائے گی۔

صوبائی اسمبلی سے کامیاب ہونے والے 18 آزاد اراکین ہفتہ کے روز عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کی حکومت بننے کی صورت میں وزارت اعلیٰ کے لئے مختلف نام زیر گردش ہیں جن میں عبد العلیم خان، میاں محمود الرشید اور فواد چوہدری کے نام شامل ہیں جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چوہدری سرور بھی اس کے لئے اپنی سینیٹر شپ چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔

سیاسی حلقوں میں چوہدری پرویز الٰہی کے نام کو بھی زیر غور لائے جانے کے امکانات پر گفتگو کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے پرویز الہی کے تیور بھی بدلنے لگے ہیں۔ تحریک اںصاف کی حمایت سے فتح حاصل کرنے والے پرویز الہیٰ کا کہنا ہے وزارت اعلی کیلئے تجربے کی ضرورت ہے، اور ان سے زیادہ تجربہ اس وقت کسی دوسرے رہنما کے پاس نہیں ہے۔ پرویز الہیٰ کا مزید کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ وزارت اعلی ان کی جماعت کو مل جائے، تاہم وہ اس مقصد کیلئے مخالفین سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ تاہم دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے تحریک انصاف کا اتحادی ہونے کے باجود ن لیگ ست خفیہ رابطے بھی کیے ہیں۔