پرویز الٰہی کا قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں چھوڑنے کا اعلان،

چکوال کی سیاست میں ہلچل پرویز الٰہی تلہ گنگ کی نشست پر سردار ممتاز ٹمن کو کامیاب کروائیں گے

منگل 31 جولائی 2018 20:31

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق )کے سربراہ چوہدری پرویز الٰہی کی طرف سے قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں کے چھوڑنے کے واضح اعلان کے بعد ضلع چکوال کی سیاست میں پھر ہلچل پیدا ہوگئی ہے،حلقہ این ای65سے چوہدری پرویز الٰہی55ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ کیساتھ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں چوہدری پرویز الٰہی کو اہم ذمہ داری ملنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے جس پر وہ اپنی پنجاب اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھیں گے اور تلہ گنگ ، گجرات سے اپنی دونوں قومی اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی پاکستان تحریک انصاف کیساتھ ایڈجسٹمنٹ کر کے تلہ گنگ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت رکن قومی اسمبلی سردار ممتاز ٹمن کو مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ نہیں دیا تھا جس پر چوہدری پرویز الٰہی کیساتھ مذاکرات کے بعد کہ اگر وہ گجرات اور تلہ گنگ دونوں حلقوں سے منتخب ہوگئے تو تلہ گنگ کی نشست چھوڑیں گے اور سردار ممتاز ٹمن کو اس نشست پر کامیاب کروائیں گے۔

سردار ممتاز ٹمن کی بھرپور حمایت کی وجہ سے چوہدری پرویز الٰہی کو ریکارڈ کامیابی ہوئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سردار غلام عباس بھی حلقہ این ای65کے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ ان کے بھتیجے سردار آفتاب اکبر اسی نشست کے صوبائی حلقہ پی پی23سے 75ہزار سے زائد ووٹ لیکر منتخب ہوئے ہیں۔ بہرحال صورتحال بڑی دلچسپ ہے اور سردار غلام عباس جو اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی وجہ سے حلقہ این ای64کی انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے اب ان کے دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے پھر امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔