سندھ کی وزات اعلیٰ ،ڈاکٹرعذرا پیچوہو، فریال تالپور،ناصرشاہ مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آگئے

آغاسراج درانی،امتیازشیخ مراد علی شاہ بھی دوڑ میں شامل ،پارٹی کے مختلف گروپس نے مراد علی شاہ کی ممکنہ نامزدگی کی مخالفت کردی

منگل 31 جولائی 2018 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء)سندھ میں نیا وزیراعلی مراد علی شاہ یا کوئی اور،سابق صدرآصف علی زرداری کی بہن ڈاکٹرعذرا پیچوہو، فریال تالپور، ناصرشاہ، آغاسراج درانی اورامتیازشیخ مراد علی شاہ کے مقابل مضبوط امیدوارکے طورپرسامنے آگئی.۔صوبہ سندھ میں وزارت اعلی کے حصول کے لیے پیپلزپارٹی کے بااثرسیاسی خاندانوں سمیت پارٹی میں مختلف گروپ سامنے آگئے ہیں اورمختلف گروپس نے سابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ممکنہ نامزدگی کی مخالفت کرتے ہوئے نئے وزیراعلی سندھ کے لیے پانچ نام پارٹی قیادت کوپیش کردیے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق بلاول ہاس میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کودوبارہ سندھ کا وزیراعلی نامزد کرنے کے معاملے پراختلاف رائے اس وقت سامنے آیا جب پارٹی قیادت کی جانب سے ان کی نامزدگی پررائے طلب کی گئی اس دوران سید مراد علی شاہ کے مقابلے میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنیوالے پیپلزپارٹی کے بعض بااثرسیاسی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی نے پانچ سے زائد نام سندھ کی وزارت اعلی کے لیے پیش کیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی نے سابق صدرآصف علی زرداری کی بہن ڈاکٹرعذرا پیچوہو، فریال تالپور کے علاوہ سیدناصرشاہ،آغاسراج درانی اورامتیازشیخ کے نام مراد علی شاہ کے مقابل مظبوط امیدوارکے طورپرپیش کردیے ۔عام انتخابات 2018 میں سندھ میں واضح کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی میں وزارت اعلی سندھ کے حصول کے لیے سندھ کے بااثرخاندانوں کی جانب سے امیدوارسامنے آنا شروع ہوگئے ہیں،ضلع خیرپورسے سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کودوبارہ وزیراعلی سندھ بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سابق وزیر اعلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کو نیا وزیر اعلی سندھ نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی میں مراد علی شاہ کے مد مقابل دیگرنام پیش کیے جانے کے بعد پارٹی قیادت نئے وزیراعلی کی نامزدگی کے معاملے پر آزمائش کا شکارہوگئی ہے