ووٹ کے زریعے دشمنوں کو شکست کے حوالے سے آرمی چیف سے منسوب بیان کی وضاحت کی جائے ،مولانا فضل الرحمن

الیکشن کمیشن کے اصرار کے باوجود ہم بار بار یہ کہتے ہیں انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، پورے ملک کے حلقے کھولے جائیں سب سامنے آجائیگا تحریک انصاف کی جانب سے حکومت بنانے کے دعوے درست نہیں ، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے اقدامات کا نوٹس لے جماعت اسلامی کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے موقف کو اے پی سی کے سامنے رکھیں گے اور جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے، آج کے اجلاس کے بعد ایم ایم اے میں اختلافات کی افواہیں اپنی موت آپ مرگئی ہیں تحریک انصاف پورے ملک میں بدترین ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے، دھاندلی کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کریں یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے ایم ایم اے آل پارٹیز کانفرنس کے بعدایک متفقہ احتجاج کیلئے بھی کال دے گی ، ایم ایم اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت

منگل 31 جولائی 2018 23:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ انتخابات میں ووٹ کے زریعے دشمنوں کو شکست کے حوالے سے آرمی چیف سے منسوب بیان کی وضاحت کی جائے ،الیکشن کمیشن کے اصرار کے باوجود ہم بار بار یہ کہتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور پورے ملک کے حلقے کھولے جائیں تو دھاندلی سامنے آجائے گی ،تحریک انصاف کی جانب سے حکومت بنانے کے دعوے درست نہیں ہیں الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا نوٹس لے ،جماعت اسلامی کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کے حوالے سے موقف کو اے پی سی کے سامنے رکھیں گے اور جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا اس پر عمل کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایم ایم اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دورا ن کیا مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل مکمل طور پر متحد ہے اور تمام امور اتفاق رائے سے طے ہورہے ہیں انہوںنے کہاکہ مختلف طریقوں سے ایم ایم اے کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی جارہی ہیں ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے اور آج کے اجلاس کے بعد یہ افواہیں اپنی موت آپ مرگئی ہیں انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام نے دینی جماعتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پورے ملک سے دینی جماعتوں کے اتحاد نے 50لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دینی جماعتیں عوام میں مقبول ہیں اور گہری جڑیں رکھتی ہیں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اس وقت میڈیا میں کچھ باتیں گشت کر رہی ہیں کہ ارمی چیف نے یہ بیان دیا ہے کہ ہم نے ووٹ کے زریعے دشمنوں کو شکست دی ہے وہ وضاحت کریں کہ وہ کس کو دشمن سمجھ رہے ہیں اور انہوں نے ووٹ کے زریعے کس دشمن کو شکست دی ہے انہوںنے کہاکہ ایک جانب امریکہ کی جانب سے یہ بیانات سامنے آرہے ہیں کہ پاکستان کے انتخابات میں مذہبی انتہا پسندوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اس تناظر میں فوج کے سربراہ اپنے بیان کی وضاحت کریں انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کا انتخابی دھاندلی میں اہم کردا ر ہے اور ان کی مداخلت کی وجہ سے عوام اور ریاستی اداروں میںفاصلے پیدا ہوگئے ہیں انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن بار بار اس بات پر اصرار کر رہی ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے ہیں ہم بار بار ان کی رائے کو مسترد کرتے ہیں انہوںنے کہاکہ جس طرح پی ٹی آئی کی قیادت کہتی ہے کہ اگر کوئی انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کرتا ہے اورحلقے کھولنے کیلئے تیار ہیں تو ہم کہتے ہیں کہ پورے ملک کے حلقے کھولیں جائیں دھاندلی سامنے آجائے گی انہوںنے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے پی ٹی آئی صرف ایک بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے ان کے پاس صرف اکثریت ہے وہ کون ہوتے ہیں کہ اکثریت کی بنیاد پر حکومت بنائے الیکشن کمیشن ان کے اقدامات کو نوٹس لے انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے حوالے سے جماعت اسلامی کی رائے سامنے آئی ہے اس کو ہم اے پی سی کے اجلاس میں رکھیں گے اور جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا وہی سب کو قبول ہوگا انہوں نے ایم ایم اے کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کریں یہ ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے ایم ایم اے آل پارٹیز کانفرنس کے بعدایک متفقہ احتجاج کیلئے بھی کال دے گی اور اس کا شیڈول بعد میں دیا جائے گا انہوں نے کہاکہ اس وقت تحریک انصاف پورے ملک میں بدترین ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے اور جو حکومت ہارس ٹریڈنگ کے زریعے وجود میں آئے گی وہ قوم کیلئے قابل قبول نہیں ہوگی ۔

۔۔۔۔۔اعجاز خان