وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کیلئے عاطف خان کا نام فائنل کر لیا گیا

عاطف خان کی نامزدگی کا اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں کر دیا جائے گا، اعلان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود کریں گے

منگل 31 جولائی 2018 22:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کیلئے عاطف خان کا نام فائنل کر لیا گیا، عاطف خان کی نامزدگی کا اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں کر دیا جائے گا، اعلان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان خود کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے 25 جولائی کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران تاریخ رقم کرتے ہوئے صوبہ خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ کیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب خیبرپختنخواہ میں کوئی سیاسی جماعت ناصرف کلین سوئپ کرنے میں کامیاب رہی، بلکہ مسلسل دوسری مرتبہ حکومت قائم کرنے میں بھی کامیاب ہوئی۔ تاہم خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ کرنے کے باوجود تحریک انصاف کو صوبے میں حکومت بنانے کے معاملے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ کی وزارت اعلی کیلئے کئی دعویدار سامنے آئے ہیں۔

وزارت اعلی کیلئے جن امیدواروں کے نام سامنے آئے ان میں پرویز خٹک، عاطف خان، اسد قیصر اور شاہ فرمان کے نام سامنے آئے۔ تاہم تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان عاطف خان کو وزارت اعلی دینے کے خواہش مند ہیں۔ لیکن سابق وزیراعلی پرویز خٹک عمران خان کے اس فیصلے کیخلاف تھے۔ پرویز خٹک یا تو خود خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی بننے کے خواہش مند تھے یا اسد قیصر یا شاہ فرمان کو وزیراعلی بنوانا چاہتے تھے۔

تاہم اب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پرویز خٹک کو خیبرپختونخواہ کی بجائے وفاقی حکومت کا حصہ بننے کیلئے راضی کر لیا ہے۔ منگل کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران عمران خان کی خواہش پر پرویز خٹک نے وفاقی وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ جبکہ دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں عاطف خان کو وزیراعلی بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک وزیر اعلیٰ بننے کے دوڑ سے باہر ہوگئے اور سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عاطف خان کے نام پر اتفاق کرلیا۔ عاطف خان کی نامزدگی کا حتمی اعلان آئندہ24گھنٹوں میں کردیا جائیگا ۔ واضح رہے کہ عاطف خان سابقہ صوبائی حکومت میں وزیرتعلیم کے عہدے پر براجمان تھے۔