دُبئی: سرکاری ملازمت کی آفر کرنے والی ای میلز سراسر فراڈ ہیں

وزارتِ توانائی و صنعت نے پیسوں کے عوض ملازمتیں فراہم کرنے کی تردید کر دی

منگل 31 جولائی 2018 15:41

دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 31 جولائی 2018ء)وزارتِ توانائی و صنعت نے امارات میں مقیم باشندوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی کسی ای میل پر دھوکے کا شکار نہ ہوں جس میں ملازمت کے بدلے ذاتی معلومات یا رقم کا تقاضا کیا جائے۔ اس وقت امارات میں کئی فراڈیئے عناصر وزارت کے نام سے عوام کو ای میلز کر رہے ہیں جن میں ملازمتوں اور دیگر پُرکشش فوائد کی آفرز کی جا رہی ہیں۔

کچھ ای میلز میں تو باقاعدہ وزارت کا لوگو بھی موجود ہوتا ہے یا وزارت کے عہدے دار کا ای میل ایڈریس دیا ہوتا ہے۔ وزارت کے مطابق ایسی ای میلز اُس کی یا کسی عہدے دار کی جانب سے نہیں بھیجی جا رہیں‘ اور نہ ہی اُن کا وزارت کی سرگرمیوں سے کوئی تعلق ہے۔ ایسی تمام ای میلز سے عوام کو ہوشیار رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان فراڈ ای میلز میں بتایا گیا ہے کہ وزارت کی جانب سے ملازمین بھرتی کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کے لیے خواہش مند حضرات اپنے ذاتی کوائف بھیجیں جبکہ کچھ ای میلز میں تو نام نہاد بھرتی کے سلسلے میں متعلقہ ٹریننگ پروگرامز کے لیے پیشگی رقم کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق تمام تر ملازمتیں وزارت کی اپنی ویب سائٹ اور آفیشل میڈیا اکاؤنٹس پر مشتہر کی جاتی ہیں۔ وزارت نے کسی بھی ایجنسی یا کنسلٹنسی فرمز کو ویب سائٹس یا ای میلز کے ذریعے ملازمین کی بھرتی کا ٹھیکہ نہیں دے رکھا۔ جب کہ سرکاری بھرتی کے خواہش مند افراد سے کوئی بھی رقم وصول نہیں کی جاتی۔ایسی فراڈ ای میلز کے جواب میں عوام اپنے ذاتی کوائف بھیجنے سے اجتناب کریں کیونکہ یہ کسی فراڈ میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ وزارت کی جانب سے کسی جاب کے مشتہر کیے جانے پر مشتمل ایسی کسی ای میلز کی سچائی جاننے کے لیے [email protected] پر ای میل بھیجیں یا 800-6634 پر کال کر کے اصل صورتِ حال سے آگاہی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :