تیز بارش نے صفائی کے ناقص انتظامات کی قلعی کھول دی

جابجا کھڑا پانی ٹریفک روانی میں رکاوٹ بن گیا ،چکلالہ کینٹ کے متعدد علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے

جمعرات 2 اگست 2018 18:25

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) جمعرات کی علی ا لصبح ہونے والی تیز بارش نے شہرو کینٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات کی قلعی کھول دی ، جابجا کھڑے پانی کی وجہ سے متعدد مقامات پر ٹریفک جام کے مناظر اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔شہر و کینٹ میں جمعرات کی علی الصبح شدید طوفانی بارش سے محلہ حکمداد یو سی 31،چاہ سلطان یو سی 30،مسلم ٹائون ،وارث خان ،کری روڈ ،ناز سینما ،جاوید کالونی ، چراہ روڈ ،ڈھوک کھبہ ،آریہ محلہ ،ندیم کالونی ،ڈھوک الہی بخش ،ٹنچ بھاٹہ ،خیابان میراں بخش ،اسلم مارکیٹ ،چکلالہ،ہارلے سٹریٹ سمیت متعدد علاقوں میں بارشی پانی جمع ہونے سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

ٹنچ بھاٹہ و دیگر کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار رہی ۔شہریوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ذمہ دار اداروں کی کوتاہی کے باعث نکاسی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور کئی علاقوں میں بارشی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ۔شدید بارش کی وجہ سے واسا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹی منسوخ کر دی گئی اور انہیں الرٹ کر دیا گیا۔

قومی خبر ایجنسی کو دستیاب معلومات کے مطابق بارش کی وجہ سے کمیٹی چوک انڈر پا س میں خاصی مقدار میں پانی جمع ہو گیا جسکی وجہ سے ٹریفک کو انڈر پاس کی بجائے اوپر سے جانا پڑا ۔بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی شکایات ملیں ۔شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ دھمیال روڈ اور ہارلے سٹریٹ کے علاقوں میں پائپ لائن کی تنصیب کے لیے کی گئی کھدائی کی وجہ سے سڑک پر کیچڑ پھیل گیا اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی ۔

شدید بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے مکین خاصی پریشانی کا شکار رہے تاہم فوری طور پر کسی بھی علاقے سے بارش سے ہونے والے کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ بارش سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو 1122،واسا اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر چوکس کر دیئے گئے جبکہ راولپنڈی و چکلالہ کینٹ میں بھی ہنگامی صورتحال کا نفاذ کرتے ہوئے عملے کو الرٹ کر دیا گیا ۔

راولپنڈی کینٹ کے شہریوں نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ انتظامیہ نے چند یوم قبل نالوں کی صفائی کاکام مکمل کیا تھا جس کی بدولت کینٹ کے مکینوں کو بارش کی وجہ سے زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاھم کینٹ کے اندرونی محلوں کی گلیوں میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات کی وجہ سے گٹر ابل پڑے اور گندا پانی گلیوں میں بھر گیا ۔