بھارت نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو ویزا دینے سے انکار کردیا‘ تحریک منہاج القرآن نے بھی تصدیق کردی،بھارتی حکام نے ڈاکٹر طاہر القادری کے دورہ کے آغازسے ایک ہفتہ قبل ویزہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا،تحریک منہاج القرآن ،بھارتی حکام کے مطابق آئی بی جنرل الیکشن اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ویزہ کلیرنس نہیں دے رہی،سیکورٹی خدشات کے باعث انڈیا کا ویزہ پروسیجر اجازت نہیں دیتا کہ ابھی ویزہ جاری کیاجائے، ڈاکٹر طاہر القادری کا دورہ بھارت کے جنرل الیکشن کے بعد دوبارہ ترتیب دیا جائیگا، ترجمان تحریک منہاج القرآن

پیر 13 جنوری 2014 07:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء) بھارت نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو ویزا دینے سے انکار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک منہاج القرآن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو 8 جنوری سے بھارت کا خصوصی دورہ کرنا تھا اور ان کیلئے بھارت میں 40 شہروں کے اندر مختلف پروگرام ترتیب دئیے گئے تھے۔

تنظیم کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھارتی وزیر داخلہ سے بات چیت کے بعد بھارت کے دورے کاپروگرام ترتیب دیا تھا لیکن اب تحریک منہاج القران کو ویزا دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ویزا نہ ملنے کے بعد اب طاہرالقادری کچھ پروگراموں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

ادھرتحریک منہاج القرآن کے ترجمان نے کہا ہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل بھارت میں ایک رجسٹرڈ این جی او ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دورہ بھارت منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا اور وہاں کے مشہور تھنک ٹینک آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن نے مل کر ترتیب دیا تھا ۔دونوں ادارے بھارتی اتھارٹیز سے رابطے میں تھے اور بھارتی حکام نے ان سے یہ وعدہ کیا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورے کے آغاز سے ایک ہفتہ قبل ویزہ جاری کر دیا جائے گا ۔

اس یقین دہانی کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیانے شیخ الاسلام کا مکمل دورہ ترتیب دیا تھا۔بھارتی حکام نے چند روز قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا اور آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کو بتایا کہ آئی بی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ویزہ کلیرنس نہیں دے رہی کیونکہ بھارت میں جنرل الیکشن بہت قریب ہیں اور انہیں ڈاکٹر طاہر القادری کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے سیکیورٹی خدشات ہیں، ایسے حالات میں انڈیا کا ویزہ پروسیجر اجازت نہیں دیتا کہ ابھی ویزہ جاری کیاجائے۔

اس لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دورہ بھارت کے جنرل الیکشن کے بعد دوبارہ ترتیب دیا جائے ۔اس سارے پراسس کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے عہدیداران بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں رہے اور کسی بھی موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے براہ راست بھارتی اتھارٹیز سے رابطہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت بنگلور انڈیا میں ہونے والی میلاد کانفرنس جس میں لاکھوں افراد شرکت کر رہے ہیں،آج(سوموار) رات اسی مقام پر شیڈول کے مطابق ہو گی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے ۔

شیخ الاسلام کا خطاب سالانہ عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہورسمیت پاکستان بھر میں 250 شہروں میں ہونے والے میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات میں بھی براہ راست دیکھا جائے گا ۔