لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری

اتوار 2 فروری 2014 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء) لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے،گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو اورکمرشل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں ان دنوں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے تک جا پہنچا ہے،شہر کے بیشتر علاقوں میں آٹھ سے دس گھنٹے کی بجلی بندش کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں جبکہ گیس کے کم پریشر نے شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلاکر رکھا ہے۔

فیصل آباد، گجرات، ملتان، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، ساہیوال، خانیوال اور حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام شہروں میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی بجلی بندش کا سامنا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔

(جاری ہے)

گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری ایل پی جی اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی پیدوار آٹھ ہزار آٹھ سو اور طلب گیارہ ہزار دو سو میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال چوبیس سو میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے،سوئی ناردرن حکام کے مطابق خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں گیس کی طلب اکیس سو اور سولہ سو ایم ایم سی ایف گیس دستیاب ہے جبکہ شارٹ فال پانچ سو ایم ایم سی ایف ہے۔