ورلڈکپ تیاریاں، قومی کرکٹرز کل کیمپ میں رپورٹ کرینگے

پیر 12 جنوری 2015 05:59

لاہور(سپورٹس رپورٹر۔اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء)ورلڈکپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منگل سے شروع ہوگا جبکہ قومی کھلاڑی کیمپ میں پیر کو رپورٹ کرینگے۔پی سی بی کی جانب سے تیار کردہ شیڈول کے مطابق آج قومی کرکٹرز لاہور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اکھٹے ہونگے اور اپنی رپورٹ ٹیم مینجمنٹ کو کرینگے۔قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 13 جنوری سے 17 جنوری تک جاری رہے گا جبکہ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے 21 جنوری کو براستہ دبئی نیوزی لینڈ جائے گی ۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کی نیوزی لینڈ میں ہی میزبانی بھی کرے گا اور 31 جنوری اور 3 فروری کو دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔14 فروری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں قومی ٹیم 6 میچز کھیلے گی جب کہ گرین شرٹس 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی، 21 فروری کو قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے میچ میںآ منے سامنے ہوگی، اسی طرح یکم مارچ کو زمبابوے، 4 مارچ کو متحدہ عرب امارات، 7 مارچ کو جنوبی افریقا اور 15 مارچ کو آئرلینڈ سے مقابلہ ہوگا جب کہ ایونٹ کا فائنل 29 مارچ کو میلبرن کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلا جائے گا۔