لاہور،ای میلز کے ذریعہ لوگوں سے پیسے کمانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا بین الاقوامی گینگ کے 4ملزمان گرفتار لیپ ٹاپ ودیگر سامان برآمد،مقدمات در ج کر لئے گئے ہیں، ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب

منگل 13 جنوری 2015 08:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء)ملک بھر میں ای میلز کے ذریعہ لوگوں سے پیسے کمانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والا بین الاقوامی گینگ کے 4ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بے شمار ای میلز لیپ ٹاپ ودیگر سامان برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمات در ج کر لئے گئے ہیں، چاروں ملزمان کا تعلق نائیجیریا اور افریقہ سے ہے، یہ بات ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گزشتہ روز صوبائی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی، انہوں نے کہا کہ اس گینگ کا طریقہ واردات یہ تھا کہ کسی ای میل ایڈریس پر کہا جاتا کہ ایک انتہائی امیر آدمی یا کسی بیوہ جوکروڑوں روپے کی آسامی ہے اسے کوئی کار خیر یا کسی بھی طرح کی شراکت دار بننے کی خواہش مند ہے اور مدد کرنا چاہتی ہے، اپنا اکاؤنٹ نمبر بھیجیں پھر کہا جاتا کہ اکاؤنٹ میں کچھ نہ کچھ پیسے ہونے چاہئیں اور پھر اسے سبز باغ دکھلا کر اس کے اکاؤنٹ کا صفایا کردیا جاتا، انہوں نے کہا کہ ایسی درجنوں شکایات موصول ہونے پر ان کی ہدایت پر ایک ریڈنگ پارٹی تشکیل دی گئی، ریڈنگ پارٹی نے سمیع الرحمان خان جامی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سربراہی میں چھاپہ مار کر 4 غیر ملکی افریقی باشندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے درجنوں ای میلز، پاسپورٹس، نادرا کے کارڈز، لیپ ٹاپ برآمد کر کے ان کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہماری ابتدائی تفتیش اور معلومات ان کے قبضہ سے برآمد ہونے والے لیپ ٹاپس ہیں، ابھی ان سے کسی بھی قسم کے روایتی طریقہ ہائے تفتیش کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سردست یہ دہشت گردوں کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اکثر منشیات اورفراڈ کے کیسز میں ملوث ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان ملزمان کے سفارت خانوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور ان کی دستاویزات کی پڑتال کی جائے گی، انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی ای میلز جس میں کسی بھی طرح کا لالچ دیا جائے اس سے احتیاط کی جائے اور اس فراڈ کی تشہیر بھی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :