ورلڈ کپ کی تیاری،قومی ٹیم کا کنڈیشنگ کیمپ قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع

بدھ 14 جنوری 2015 08:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2015ء)ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کنڈیشنگ کیمپ منگل سے قذافی سٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگیا ۔کیمپ میں تمام کھلاڑیوں نے رپورٹ کردی ہے جن میں کپتان مصبا ح الحق ،احمد شہزاد ،محمد حفیظ ،سرفراز احمد ،یونس خان ،حارث سہیل ،عمر اکمل ،صہیب مقصود ،شاہد آفریدی ،یاسر شاہ ،محمد عرفان ،جنید خان ،احسان عادل ،سہیل خان اور وہاب ریاض شامل ہیں کیمپ کی نگرانی ہیڈ کوچ وقار یونس اور ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ کررہے ہیں ۔

جی ایم میڈیا آغا اکبر کے مطابق کیمپ کا آغاز صبح ساڑھے آٹھ بجے ہوا ۔کھلاڑیوں نے سب سے پہلے قذافی سٹیڈیم میں رننگ کی پھر انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لیکچرز دیئے گئے اور بعد ازاں قذافی سٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کی ۔

(جاری ہے)

کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ پر زیادہ زور دیا جارہا ہے ۔۔پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ میں دو ون ڈے میچز کھیلنے کے لئے 20جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔

ون ڈے میچ 31جنوری اور تین فروری کوہوں گے ۔ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں 9فروری کو بنگلہ دیش اور 11فروری کو انگلینڈ کے ساتھ مقابلہ ہوگا اور اس کے بعد قومی ٹیم و رلڈ کپ کا پہلا میچ 15فروری کو بھارت کی ٹیم کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گی ۔ ٹیم نے پہلے 21جنوری کو نیوزی لینڈ روانہ ہونا تھا لیکن فلائٹس کے مسئلہ کی وجہ سے ایک دن پہلے روانہ ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :