پٹرول بحران کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے،سعدرفیق ، لیگ (ن) کی حکومت خرابیوں کو قالین کے نیچے چھپانے میں یقین نہیں رکھتی، وفاقی وزیر ریلوے کا تقریب سے خطاب

پیر 19 جنوری 2015 06:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2015ء)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پٹرول بحران کے ذمہ دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں بھی اس پر بحث ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت خرابیوں کو قالین کے نیچے چھپانے میں یقین نہیں رکھتی۔ قیمتوں میں کمی کے باعث تیل کی کھپت بڑھ گئی تھی تو متعلقہ وزارت کو اسی حساب سے تیل کی برآمد کا بندوبست کرنا چاہیے تھا۔

والٹن اسٹیشن پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وطن واپس پہنچتے ہی وزارت پٹرولیم کے بعض افسران کی معطلی کے احکامات جاری کر دیئے لیکن اس کا مطلب نہیں کہ نااہلی کا یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے۔ پٹرول کے لیے لمبی لمبی قطاریں ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہیں۔

(جاری ہے)

اس بحران کی پوری تحقیقات ہو گی اور اس کے ذمہ دار کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت اس وقت قائم ہوئی جب معیشت کی نبضیں ڈوب رہی تھیں اور قومی ادارے بدترین زوال سے دو چار تھے۔ ایسے میں وزراء کے پاس آرام کا وقت بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریلوے میں زوال کا عمل بحالی اور ارتقاء میں تبدیل ہو سکت اہے تو پی آئی اے اور دیگر قومی اداروں میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا؟ انہوں نے کہا کہ ہم پر اعتماد کا اظہار کرنے والے عوام توقع رکھتے ہیں کہ ہم حقائق کو چھپانے کی بجائے سچی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بے بنیاد الزامات اور جھوٹ کی سیاست ترک کر دیں۔ پاکستان احتجاج اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2013ء کے الیکشن میں ان کے حلقے 125 میں مخالف امیدوار اور اس کی جماعت پی ٹی آئی کہیں نظر نہیں آتی تھی۔ ان کے مخالف امیدوار کو تو اس حلقے کا جغرافیہ تک معلوم نہیں تھا۔ اس کے باوجود 85 ہزار ووٹ لے گیا، مجھے ایک لاکھ 23 ہزار ووٹ اس لیے ملے کہ ہم عوام کے دکھ درد کے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ جیتے مرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف الیکشن پٹیشن کے فیصلے میں تاخیر کے ذمہ دار خود پٹیشنز اور اس کے وکلاء ہیں۔ جنہوں نے ٹربیونل کے سربراہ جسٹس (ر) کاظم علی ملک پر عدم اعتماد کا اظہار ہی نہیں کیا، بلکہ ان کے ساتھ بدتمیزی پر بھی اتر آئے تھے۔ جس کی وجہ سے یہ کیس فیصل آباد ٹربیونل کو منتقل کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایاز صادق کے کیس میں بھی ٹربیونل کے فیصلے کا انتظار کرنے کی بجائے، عمران خان خود فیصلہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتخابی تحقیقات اور جیوڈیشل کمیشن سے نہیں بھاگتے لیکن کسی پولنگ پریزائڈنگ افسر کی غلطی یا بے قاعدگی کا خمیازہ ہم کیوں بھگتیں؟ انہوں نے واضح کہا کہ الحمد للہ ریلوے کو تیل کا کوئی بحران درپیش نہیں جبکہ ہماری حکومت سے قبل ریلوے میں ایک دن کا تیل کاریزرو بھی بمشکل ہوتا تھا اگر اب 14 دن کا اسٹاک موجود ہوتا ہے جسے ہم 30 د ن کے اسٹاک تک لے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :