وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی کارکردگی بارے اجلاس

وزیراعلیٰ نے صوبے کے چار ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں سہولت مراکز کی منظوری دے دی یہ سہولت مراکز ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جائیں گے‘سہولت مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈ و سہولت میسر آئے گی‘تمام متعلقہ محکمے اور ادارو ںکے نمائندے خود ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوں:وزیراعلیٰ

بدھ جنوری 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبے کے چار ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دی ہے جہاں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے تھانے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے۔ یہ سہولت مراکز ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ان ڈویژنوں میں سہولت مراکز کے قیام کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ وہ بدھ کے روز یہاں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کر رہے تھے جس میں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے کئے گئے اقدامات اور کمیشن کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور ان کو درپیش مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔

اوورسیز پاکستانیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے ایک خودمختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے جو اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کو یقینی بنا رہا ہے اور اس کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ انہوں نے صوبے کے چار ڈویژنوں میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی شکایات کے ازالے کیلئے ون ونڈ و سہولت میسر آئے گی اور ان کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے زیرالتوا کیسوں کو جلد نمٹایا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ بعض ہائوسنگ سوسائٹیوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمیٹی کے اجلاس میں بعض محکموں اور اداروں کے متعلقہ حکام کی شرکت نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام متعلقہ افسران خود اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے اجلاس میں شریک ہوں اور مجھے اس ضمن میں کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔

ڈسٹرکٹ کمیٹیو ںکے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے بھی جامع میکانزم بنایا جائے۔ کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کیپٹن (ر) خالد شاہین بٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Your Thoughts and Comments