ہائیکورٹ کا سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ملوث شاہد عزیز عرف گلو بٹ کو رہا کرنے کا حکم

جمعہ 10 فروری 2017 00:01

لاہور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 فروری2017ء)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے گلو بٹ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی. انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماذل ٹاون کے وقت گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میںاکتوبر 2014 کو 11 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی.

(جاری ہے)

سماعت کے دوران گلو بٹ کے وکیل کاشف زیدی نے یہ نکتہ اٹھایا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے سزا سنائی. گلو بٹ کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت جو دفعات لگائیں گئی ہیں وہ قابل پیش رفت نہیں ہیں. درخواست گذار کے وکیل نے یہ اعتراض اٹھایا کہ کسی پر محض توڑ پھوڑ کے الزام میں انسداد دہشت گردی کے قانون کی دفعات کا اطلاق نہیں کیا جاسکتا. وکیل کے مطابق گلو بٹ دیگر دفعات کے تحت 27 ماہ سے زائد کا عرصہ جیل میں گزار چکا ہی. جس پر دو رکنی بینچ نے گلو بٹ کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت دفعات کو ختم کر تے ہوئے گلو بٹ کو تعزیرات پاکستان کی دفعات کے تحت ملنے والی سزا مکمل ہونے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا.