جہانگیر ترین کی زیر صدارت پی ٹی آ ئی سنٹرل پنجاب کی سینئر ایڈوائز ی کمیٹی کا اجلاس ،عبدالعلیم خان کی بریفنگ

مختلف اضلاع سے پارٹی رہنماؤں کا اظہار خیال ، تجاویز عمران خان تک پہنچائیں گے ‘جہانگیر ترین کی اجلا س میں گفتگو

جمعہ فروری 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2017ء)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجا ب کی سینئر ایڈوائزی کمیٹی کا پہلا با ضابطہ اجلا س سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر خان ترین کی زیر صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پارٹی کے تنظیمی اور عام انتخابات کے امور میں زیادہ سے زیادہ پارٹی مشاورت کو یقینی بنانے کیلئے سینئر ایڈوائزی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے ہر ضلع کے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی اتفاق رائے سے فیصلے کیے جائیں گے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ۔

جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہر ضلع کی مشاورتی رپورٹ اور تجاویز چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان تک پہنچائیں گے تاکہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے زیادہ بہتر فیصلے کیے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بخوبی علم ہے کہ ہمارا مقابلہ کن لوگوں سے ہے اور اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاسی پیش قدمی کرنی ہے ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمارے پاس اس کے حوالے کوئی آپشن نہیں کہ ملک کو کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلائی جائے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ فیصلہ کن مرحلہ آن پہنچا ہے اور انشاء اللہ ملک بھر کی طرح سنٹرل پنجاب میں بھی تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اور 2013کی طرح اب جھرلو اور دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی تحریک اور جدوجہد کے باعث عوام با شعور ہو چکے ہیں اور وہ اپنے بنیادی حق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیںگے اور جیت پی ٹی آئی کی ہی ہو گی ۔

سینئر ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اضلاع سے پارٹی رہنماؤں انور بھنڈر ، سردارطالب نکئی،میاں افضل حیات،اعجاز چوہدری ، شوکت بھٹی ، سعید ورک ، ظفر اللہ چیمہ اور اعجاز سیہول نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں کی طرح اب چھوٹے اضلاع میں بھی عمران خان مقبول ترین سیاسی شخصیت ہیں اور وفاقی اور پنجاب حکومت کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے جنہوں نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا اجلاس میں پارٹی کی تنظیم کے حوالے تفصیلی صلاح مشورہ ہوا اور مختلف تجاویز پر غور و خوض ہوا ،ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی اور پارٹی امور کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ۔

Your Thoughts and Comments